Live Updates

وزیراعظم کا کراچی گرین لائن بس منصوبے کے جلد افتتاح کا فیصلہ

وزیراعظم عمران خان 10 دسمبر کو کراچی کے پہلے جدید ٹرانسپورٹ سسٹم کا افتتاح کریں گے۔ اسد عمر کا ٹویٹ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 5 دسمبر 2021 11:44

وزیراعظم کا کراچی گرین لائن بس منصوبے کے جلد افتتاح کا فیصلہ
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 دسمبر 2021ء ) وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کے سب سے بڑے معاشی شہر کراچی میں عوام کی سہولت کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے بنائے گئے ٹرانسپورٹ کے جدید ترین گرین لائن منصوبے کا جلد افتتاح کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان مین وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان انشاء اللہ 10 دسمبر کو کراچی کے پہلے جدید ٹرانسپورٹ سسٹم گرین لائن بی آر ٹی کا افتتاح کریں گے۔


خیال رہے کہ اس سے پہلے پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے کراچی گرین لائن بس سروس کو 25 دسمبر سے شروع کرنے کا اعلان کیا تھا ،اس وقت بتایا گیا کہ اگلے دس 10 روز میں یہ منصوبہ ٹرائل آپریشن کے لیے تیار ہو گا ، جس کے بعد وزیر اعظم عمران خان کراچی آ کر گرین لائن منصوبے کا افتتاح کریں گے اور 2 ہفتے ٹرائل آپریشن کے بعد 25 دسمبر کو کمرشل آپریشن کا آغاز کر دیا جائے گا تاہم اب وزیراعظم نے کراچی گرین لائن بس منصوبے کے جلد افتتاح کا فیصلہ کیا ہے اور وہ 10 دسمبر کو کراچی کے پہلے جدید ٹرانسپورٹ سسٹم گرین لائن بی آر ٹی کا افتتاح کریں گے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ کراچی گرین لائن بس منصوبے کیلئے 80 جدید بسیں کراچی پہنچ چکی ہیں ، منصوبے کیلئے چین میں تیار کی جانے والی جدید بسیں 2 علیحدہ شپ منٹس کے ذریعے کراچی پہنچائی گئیں ، پہلے فیز میں گرین لائن بسیں سرجانی ٹائون سے نمائش چورنگی(گرومندر)تک چلائی جائیں گی، جہاں اب تک ٹریک مکمل ہوچکا ہے۔ واضح رہے کہ یہ منصوبہ 2016 میں شروع ہوا تھا ، کراچی گرین لائن منصوبے کے لیے بسیں فراہم کرنے والی کمپنی کے مطابق کراچی کی بسیں لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں چلنے والی بسوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ جدید ہیں، یہ بسیں یورو تھری معیار کی اور ہائبرڈ ہیں ، ان میں ڈیزل کے ساتھ خودکار طریقے سے چارج ہونے والی بیٹری بھی استعمال ہوگی جس سے ایندھن کی بچت کے ساتھ ماحول کو بھی فائدہ ہوگا۔

بسوں میں خصوصی سسٹم نصب ہے جو انجن میں آگ لگنے کی صورت میں خودکار طریقے سے آگ بجھائے گا ، 18 میٹر لمبی بسوں میں 40 نشستیں ہیں ، کھڑے ہوکر اور نشستوں پر بیک وقت 150 افراد سفر کرسکیں گے، زیادہ رش کی صورت میں 190 مسافروں کی گنجائش ہوگی ، بسوں میں معذور افراد کے لیے جگہ خصوصی ہے اور خودکار ریمپ نصب ہے۔ ہر بس میں دو وہیل چیئرز کی جگہ مخصوص ہے ، بسوں میں خواتین اور معذور افراد کیلئے مخصوص نشستیں ہوں گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات