بھارت: سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے تیرہ شہری ہلاک

DW ڈی ڈبلیو اتوار 5 دسمبر 2021 16:40

بھارت: سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے تیرہ شہری ہلاک

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 05 دسمبر 2021ء) اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے بعد شہریوں کا ہجوم احتجاج کے لیے اکٹھا ہوگیا۔ بعد ازاں مظاہرین پر بھی فائرنگ کی گئی۔ ناگالینڈ کے پولیس افسر سندیپ تامگاڑگے نے بتایا ہے کہ یہ واقعہ ہفتے کے روز بھارت اور میانمار کی سرحد کے قریب پیش آیا۔ انہوں نے تیرہ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے، جس میں ایک مقامی مزدور بھی شمال ہے۔

''پورے مون ضلع میں اس وقت حالات بہت کشیدہ ہیں۔ ‘‘

تامگاڑگے نے کہا کہ چھ مزدور اوٹنگ گاؤں میں اپنے گھروں کو لوٹتے ہوئے سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں مارے گئے۔ ان کو نشانہ بنانے کے لیے فوجی پہلے ہی گھات لگائے ہوئے تھے۔ جب یہ مزدور گھر نہ پہنچے تو ان کے رشتہ داروں نے ان کی تلاش شروع کر دی اور لاشیں ملنے پر انہوں نے سکیورٹی فورسز سے معاملے کی پوچھ گچھ کی۔

(جاری ہے)

تامگاڑگے نے فائرنگ کے مقام سے بتایا، ''یہ وہ جگہ ہے جہاں دونوں فریقوں کے درمیان تصادم ہوا، اور سکیورٹی اہلکاروں نے فائرنگ کی، جس سے مزید سات افراد ہلاک ہو گئے۔‘‘

بھارتی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ وہ 'جامع انٹیلجنس‘ کی بنیاد پر علاقے میں سرگرم باغیوں کا تعاقب کر رہی تھی۔ بھارتی فوج کا مزید کہنا تھا کہ اس واقعے میں سکیورٹی فورسز کا ایک رکن ہلاک اور دیگر زخمی ہوگئے۔

بھارتی فوج کے مطابق اس واقعے میں جانوں کے ضیاع کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ''قانون کے مطابق مناسب کارروائی کی جائے گی۔‘‘

علاوہ ازیں ناگالینڈ کے وزیر اعلیٰ نے شہریوں کو پر امن رہنے کی اپیل کی ہے اور واقعے کی تحقیقات کا اعلان کیا۔ انہوں نے ٹویٹر پر کہا، ''اوٹنگ، مون میں شہریوں کی ہلاکت کا افسوسناک واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ تمام طبقات سے پر امن رہنے کی اپیل کی جاتی ہے۔‘‘

ب ج / ع آ (اے ایف پی، اے پی)