ایشز سیریز: کورونا پابندیوں کے باعث آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان آخری ٹیسٹ پرتھ میں نہیں ہوگا

آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان آخری ٹیسٹ کیلیے متبادل وینیو پر بات چیت جاری ہے: کرکٹ آسٹریلیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 6 دسمبر 2021 12:35

ایشز سیریز: کورونا پابندیوں کے باعث آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ..
پرتھ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 دسمبر 2021ء ) آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان تاریخی ایشز سیریز کا آخری ٹیسٹ پرتھ میں نہیں ہوگا۔ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا پابندیوں کی وجہ سے ایشز سیریز کا پانچواں ٹیسٹ پرتھ میں ممکن نہیں ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ ویسٹرن آسٹریلیا حکومت اور کرکٹ ایسوسی ایشن سے مل کر پرتھ میں ٹیسٹ نہ رکھنے کا فیصلہ کیا۔

حکام کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان آخری ٹیسٹ کیلئے متبادل وینیو پر بات چیت جاری ہے۔ مغربی آسٹریلیا میں سخت CoVID-19 پروٹوکول موجود ہیں اور انہوں نے نیو ساؤتھ ویلز، وکٹوریہ اور جنوبی آسٹریلیا کے مسافروں پر 14 دن کے قرنطینہ کے بغیر اس کی سرحد عبور کرنے پر پابندی لگا دی ہے۔

(جاری ہے)

ایشز سیریز کا چوتھا ٹیسٹ 9 جنوری کو نیو ساؤتھ ویلز کے دارالحکومت سڈنی میں ختم ہونا ہے، جس کے بعد کھلاڑیوں کے پاس قرنطینہ کی مدت پوری کرنے کے لیے ناکافی وقت ہوگا۔

دریں اثناء ہوبارٹ کا بیلریو اوول پانچویں ٹیسٹ کی میزبانی حاصل کرنے کے لیے فیورٹ ہے جب کہ سڈنی اور میلبورن کے حکام نے بھی اشارہ دیا ہے کہ وہ ایشز سیریز میں ایک اور ٹیسٹ کی میزبانی کے لیے تیار ہوں گے۔ یاد رہے کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشز سیریز کا پہلا ٹیسٹ 8 دسمبر سے گابا،برسبین میں شروع ہو گا اور دونوں ٹیموں کے درمیان پرتھ میں آخری ٹیسٹ 14 جنوری سے شروع ہونا تھا۔