اسلام آباد ہائیکورٹ نے رانا شمیم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست مسترد کر دی

اسے چھوڑیں، توہین عدالت کیس تو عدالت کا اپنا معاملہ ہوتا ہے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 6 دسمبر 2021 13:00

اسلام آباد ہائیکورٹ نے رانا شمیم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06 دسمبر 2021ء) : اسلام اباد ہائیکورٹ نے رانا شمیم کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کی درخواست مسترد کر دی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے رانا شمیم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ توہین عدالت کا استعمال جج کی عزت بچانے کے لیے نہیں مفاد عامہ کیلئے ہے، توہین عدالت کیس عدالت اور توہین کنندہ کے درمیان ہے۔

عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ توہین عدالت کیس میں کیسےفریق بن سکتےہیں؟ اس پر وکیل نے کہا کہ سابق چیف جسسٹس ثاقب نثار سے متعلق سب معلومات رکھتا ہوں۔درخواست گزار کے وکیل رائے نواز کھرل نے استدعا کی کہ رانا شمیم کا نام ای سی ایل پر ڈالا جائے یا انہیں پاسپورٹ سرینڈرکرنے کا کہا جائے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ اگر رانا شمیم بیرون ملک فرار ہو گئے تو تمام کارروائی بے سود ہوگی۔

اس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ یہ حکومت کا کام ہے اس عدالت کا کام تو نہیں ہے۔ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کے دلائل پر درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کیا تھا جو کچھ دیر بعد سنایا اور درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔ یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان رانا شمیم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست ہائیکورٹ میں دائر کی گئی تھی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ رانا شمیم مسلم لیگ ن سندھ کے عہدیدار رہے، مسلم لیگ ن نے ہی رانا شمیم کو بطور چیف جسٹس گلگت بلتستان تعینات کیا۔ درخواست میں کہا گیا کہ خدشہ ہے کہ رانا شمیم بیرون ملک نہ چلے جائیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت رانا شمیم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دے، رانا شمیم سےمتعلق اہم معلومات ہیں، کیس میں فریق بنایا جائے۔ دوسری جانب وکیل رائے نواز کھرل نے توہین عدالت کیس میں فریق بننے کی بھی درخواست کر دی۔