ملک کی بقاء ،ترقی وخوشحالی و امن کی بحالی ،خانقاہی نظام سے وابستہ ہے‘مقررین

انجمن اساتذہ (رجسٹرڈ)پاکستان کے زیراہتمام میلاد النبیﷺ و غوث اعظم صوبائی کانفرنس سے مشائخ عظام ،علمائے کرام کا خطاب

پیر 6 دسمبر 2021 13:29

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2021ء) فروغ عشق مصطفیﷺ کو جاگر کرنے ،پاکستان کی بقاء، فروغ افکار صوفیا کی داعی ،جذبہ حب الوطنی کی امین ،اساتذہ کی ملک گیر نمائندہ تنظیم انجمن اساتذہ (رجسٹرڈ)پاکستان کے زیراہتمام منعقدہ ایک روزہ میلاد النبیﷺ و غوث اعظم صوبائی کانفرنس سے مشائخ عظام ،علمائے کرام ،وکلاء،اساتذہ کرام نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک کی بقاء ،ترقی وخوشحالی و امن کی بحالی ،خانقاہی نظام سے وابستہ ہے۔

خانقاہی نظام درست کرنے کے لئے حکومت پاکستان کو ناگزیر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ نظام کی کمزوری نے مادہ پرستی کافروغ پروان چڑھایا۔سجادہ نشین دنیا پرستی میں مبتلا ہو کر اپنے اصل کردار سے غافل دکھائی دے رہے ہیں۔خانقاہی نظام کا مطلب محض نذرانے لینا ،دعائیں دینا نہیں بلکہ روح کی پاکیزگی کا ایک پورا نصاب ہے۔

(جاری ہے)

اللہ تعالیٰ نے اپنی اور اپنے محبوب کی محبت کو کائنات کے گوشے گوشے اور عالمین کی وسعتوں اور پنہائیوں میں پھیلادیا ہے۔

کائنات کازرہ زرہ اس نور سے سرشار اور لبریز ہے۔ خالق اپنے محبوب کا اور محبوب اپنے خدا کا ذکر بلند کرتے ہیں۔یہی محبت وعشق کا جوہر ہے یہی وجہ ہے کہ جو صلواة اسلام سردار الانبیاء پر پر بھیجتا ہے وہ اللہ تعالیٰ کاخاص بندہ بن جاتا ہے۔اور جورب کریم کا ذکر کرتا ہے وہ حضورﷺ کاامتی بن جاتا ہے ۔بانیان پاکستان ہی ملک کے استحکام وسلامتی کے ضامن ہیں اور پاکستان کو درپیش تمام چیلنجز و مشکلات کا حل نظام مصطفی سے وابستہ ہے۔

خانقاہی نظام ہی ملک کو ترقی وخوشحالی کی جانب گامزن کرسکتا ہے۔ اس حوالے سے حکومت پاکستان کے اقدامات خوش آئند ہیں۔ ان خیالات کااظہار صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع مردان میں انجمن اساتذہ کے اکابرین ،علاقے کے مشائخ وعظام و اساتذہ کرام نے جامع مسجد میں پرنور وروحانی تقریب سے مولانا محمدیونس قادری، شیخ معراج خالد، انجینئر پیر ارشد فاروق علوی آستانہ عالیہ قادریہ سلطانیہ، مفتی مولانا عبدالقدیر آف مانسہرہ ،مسعود الرحمن یوسفزئی اور میزبان میاں محمد فاروق نقشبندی وابراہیم چشتی ،مدرس مولانا عنایت الرحمن یوسفزئی نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قومیں پیدا ہوتی اور مٹ جاتی ہیں۔ بستیاں آباد ہوتی اور ویران ہوجاتی ہیں۔ تہذیبیں بکھرتی اور دھندلاجاتی ہیں۔ شخصیات پیدا ہوتی اور مرجاتی ہیں ۔داستانیں مرتب ہوتی اور محو ہو جاتی ہیں۔ یہ عمل ابتدائے آفرینش سے جاری ہے اور مسلسل جار ی رہے گا لیکن ایک داستان عالم ہے جو تاریخ کے صفات میں آج بھی اسی طرح روشن اور تابندہ ہے۔

جس طرح آج سے 13سوسال پہلے تھی۔میلادالنبیﷺ ہی وجہ تخلیق کائنات ہے۔افکار غوث اعظم ہی میلاد النبیﷺ کے مشن کو جاری رکھنے کی ایک سعی ہے جس کے لئے مرکزی جماعت اہلسنت و انجمن اساتذہ افکار غوث اعظم وفروغ عشق مصطفی کو جاگر کرنے کے لئے اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لارہی ہے۔ انجمن اساتذہ و مرکزی جماعت اہلسنت پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

تینوں قوتوں کی موجودگی میں کوئی مائی کالال پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کرسکتا۔ مقررین نے اس موقع پرسیالکوٹ واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے اسلام اور پاکستان کے خلاف سازش قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ دھرتی مردان اولیاء کرام کو ماننے والی ہے اور یہاں سے ولایت کی روحیں پروان چڑھتی ہیں۔تقریب کے اختتام پرمصطفائی لنگرتقسیم کیاگیا۔پاکستان کے استحکام وسلامتی اور ملک میں امن کی بحالی کے لئے دعائیں کی گئیں اور درودوسلام کے ساتھ تقریب اختتام پزیرہوئی۔