کورونا کی نئی قسم اومی کرون، پاکستان آنیوالے مسافروں کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار، کیٹیگری سی میں مزید آٹھ ممالک شامل کر دیئے گئے

پیر 6 دسمبر 2021 13:32

کورونا کی نئی قسم اومی کرون، پاکستان آنیوالے مسافروں کیلئے ویکسی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2021ء) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا کی نئی قسم اومی کرون کے پھیلائو کے مدنظر کیٹگری سی میں شامل ممالک سے مسافروں کی آمد پر پابندی لگاتے ہوئے فہرست میں مزید 8 ممالک شامل کر دیئے، پاکستان آنے والے مسافروں کیلئے کورونا کی ویکسین لگوانا لازم ہوگا۔این سی او سی نے کورونا وائرس کی نئی قسیم اومی کرون کے پھیلائوکے باعث کیٹگری سی ممالک کے مسافروں کے پاکستان آنے پر پابندی لگا دی۔

کیٹگری سی کے ممالک سے ضروری سفر کی صورت میں استثنیٰ کیلئے قائم خصوصی کمیٹی سے استثنیٰ کا سرٹیفکیٹ لینا ہوگا۔ کیٹیگری سی ممالک کی فہرست میں جنوبی افریقہ، یوکرین، کروشیا، ہنگری، نیدرلینڈ اور آئرلینڈ شامل ہیں،سلووینہ، ویتنام، پولینڈ، زمبابوے، نمیبیا، لیسوتھو، ایسواتینی اور بوٹسوانا بھی کیٹگری سی ممالک کی فہرست میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان آنے والے تمام مسافروں کے لیے کورونا ویکسین لگوانا لازم ہوگی، پاکستان کا سفر کرنے والے 6 سال سے زائد عمر کے کے افراد کے لیے پی سی آر ٹیسٹ بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔این سی او سی کے مطابق کم المدتی ویزے پر کیٹیگری سی ممالک جانے والے پاکستانی شہریوں اور ان ممالک سے بے دخل کئے جانے والے افراد کو استثنیٰ کے سرٹیفکیٹ کے بغیر واپس آنے کی اجازت ہوگی۔

ویزا یا اماراتی آئی ڈی کی مدت ختم ہونے اور غیر قانونی تارکین وطن کے لیے پاکستان آمد کیلئے ضروری ویکسی نیشن کی شرط سے استثنیٰ حاصل ہوگا، کسی بیماری میں مبتلا افراد، حاملہ خواتین اور جزوی ویکسین لگوانے والوں کو بھی لازمی ویکسینیشن سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔