عرفان مہر قتل کیس میں پیش رفت، تفتیشی حکام کا اہم انکشاف

کیس میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے،قتل کا مقصد فی الوقت نہیں بتا سکتے،تفتیش انتہائی حساس ہے اس لیے شئیر نہیں کر سکتے۔تفتیشی حکام کی میڈیا سے گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 6 دسمبر 2021 13:29

عرفان مہر قتل کیس میں پیش رفت، تفتیشی حکام کا اہم انکشاف
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06 دسمبر 2021ء) : سیکرٹری سندھ بار کونسل کے قتل کے حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کراچی اور تفتیشی ٹیم نے اب تک کی تحقیقات سے عدالت کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ عرفان مہر کے قتل کیس سے متعلق اہم پیش رفت ہوئی۔تفتیشی ٹیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قتل کا مقصد فی الوقت نہیں بتا سکتے۔تفتیش انتہائی حساس ہے اس لیے شئیر نہیں کر سکتے۔

تفتیشی ٹیم کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ پولیس کی تفتیش سے 100 فیصد مطمئن ہیں۔یاد رہے کہ یکم دسمبر کو کراچی کے علاقہ گلستان جوہر میں بچی کو اسکول چھوڑنے جانے والے سیکریٹری سندھ بار کونسل کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ فائرنگ کے اس واقعہ کو وکلا رہنماؤں نے ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ قرار دیا۔

(جاری ہے)

وکلا رہنماؤں کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے۔ قاتلانہ حملے کی اطلاع موصول ہوتے ہی معروف وکیل رہنما نعیم قریشی دیگر وکلاء کی بڑی تعداد کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے۔ وکیل رہنما نعیم قریشی ایڈووکیٹ نے کہا کہ 45 سالہ عرفان مہر گلستان جوہر کا رہائشی تھا جو صبح اپنی بچی کو گاڑی میں اسکول چھوڑنے کے لئے گلستان جوہر بلاک 13 میں پہنچا ، جہاں اسکول سے واپسی پر موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے ان کی گاڑی نمبر بی جے بی 824 پر فائرنگ کر کے انہیں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ جان کی بازی ہار گئے۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا تھا کہ سندھ بار کونسل کے سیکریٹری عرفان مہرکوٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا ۔ عرفان مہر کے اہل خانہ نے کسی ذاتی دشمنی کا امکان مسترد کر دیا ہے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی عرفان مہر کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے قاتلوں کی گرفتاری کے احکامات دیتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے وکیل عرفان مہر کے قاتل ہر صورت چاہئیں۔