سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا کے تابوت پر لکھی عبارت وائرل

سری لنکن منیجر پریا نتھا کمارا کا تابوت مکمل طور پر لکڑی کا تیار کیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 6 دسمبر 2021 13:32

سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا کے تابوت پر لکھی عبارت وائرل
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06 دسمبر 2021ء) : سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کے تابوت پر لکھی گئی عبارت وائرل ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے مقتول شہری پریانتھا کمارا کی میت سری لنکا روانگی کے لیے ائیرپورٹ پہنچادی گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر سری لنکن منیجر پریا نتھا کمارا کے تابوت کی تصویر وائرل ہوئی جس میں دیکھا گیا کہ تابوت پر انگریزی زبان میں ''Head'' تحریر تھا اور اس کے ساتھ ایک تیر کا نشان بھی بنایا گیا ہے۔

عام طور پر تابوت میں چہرے والا حصہ شیشے کا ہوتا ہے جس میں سے جسد خاکی کا چہرہ نظر آرہا ہوتا ہے لیکن سری لنکن منیجر پریا نتھا کمارا کا تابوت مکمل طور پر لکڑی کا تیار کیا گیا۔ تابوت پر بنایا گیا تیر کا نشان اس لیے بنایا گیا ہے تاکہ پریانتھا کمارا کے سر کے حصّے کی نشاندہی ہوسکے۔

(جاری ہے)

اس کی وجہ یہ ہے کہ پریا نتھا کمارا کا چہرہ مسخ اور جھلس چکا تھا اور وہ دیکھنے کے قابل نہیں رہا تھا۔

خیال رہے کہ سیالکوٹ میں ہجوم کے ہاتھوں بے دردی سے قتل کیے جانے والے نجی فیکٹری کے منیجر اور سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کی میت لے جانے کے لیے سری لنکن سفارتخانے کے اہلکار علی الصبح اسپتال پہنچے جہاں اہلکاروں نے پریانتھاکی میت پر پھول رکھے۔ پریانتھا کمارا کی میت کو سیالکوٹ سے لاہور لایا گیا تھا۔ سری لنکن فیکٹری مینجرپریانتھا کمارا کی میت کو مکمل احترام اور اعزاز کے ساتھ سری لنکا روانہ کیا جائے گا۔

پریانتھا کمارا کی میت کو لاہور سے کولمبو روانہ کیا جائے گا جہاں ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گے۔ اس موقع پر ائیر پورٹ پر وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، صوبائی وزیر انسانی حقوق ، وزارت خارجہ ، محکمہ خارجہ کے اعلیٰ حکام موجود ہیں۔