قائداعظم محمد علی جناح کے مجسمے سے عینک چوری کرنے کا معاملہ

دھند اور اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر مجسمے سے عینک چوری کی گئی،ڈپٹی کمشنر نے رپورٹ کمشنر کو ارسال کر دی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 6 دسمبر 2021 13:40

قائداعظم محمد علی جناح کے مجسمے سے عینک چوری کرنے کا معاملہ
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06 دسمبر 2021ء) : قائداعظم محمد علی جناح کے مجسمے سے عینک چوری کرنے کے معاملے پر ڈپٹی کمشنر نے رپورٹ کمشنر کو ارسال کر دی ہے۔ڈپٹی کمشنر کی جانب سے کمشنر ملتان ڈویژن کو ارسال کی گئی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے  کہ دھند اور اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر مجسمے سے عینک چوری کی گئی۔رپورٹ میں کہا گیا کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے اور کیمروں کی تعداد مزید بڑھا دی ہے۔

مقامی انتظامیہ نے قائداعظم کے مجسمے پر نئی عینک تو نصب کر دی ہے تاہم سی سی ٹی وی کیمروں کے باوجود تاحال چوروں کا سراغ نہیں لگایا جا سکا۔واضح رہے کہ نامعلوم چوروں نے ڈپٹی کمشنرکمپلیکس میں بانی پاکستان بابائے قوم قائداعظم محمدعلی جناح کے مجسمے سے عینک چوری کرلی تھی ۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ کے مطابق قائد اعظم کا مجسمہ ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میں نصب ہے جہاں سے نامعلوم چوروں نے عینک چوری کی،پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ شب پیش آیا اور ڈپٹی کمشنر دفتر میں نصب کیمروں کی مدد سے چوروں کی تلاش شروع کردی ہے، واقعہ پر شہریوں نے سخت تشویش کااظہار کیا ہے ۔

شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیاکہ ڈی سی کمپلیکس کے سی سی ٹی وی کیمرے چیک کرائے جائیں کہ وہ کام بھی کررہے ہیں یاناکارہ حالت میں ہیں ، سی سی ٹی وی کیمروں کی مددسے چوروں کوتلاش کرکے انہیں سخت سے سخت سزادی جائے۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بہاولپور کے اسپتال چوک پر لگائے گئے اولمپیئن سمیع اللہ کے مجسمے سے ہاکی اوربال بھی چوری ہوگئی تھی۔ اس کے ساتھ ہی مجسمے کے ساتھ نازیبا حرکت کی تصویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی جس پر صارفین نے شدید ردعمل کا اظہار کیا تھا۔بعد ازاں پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔