کتوں کیساتھ جنگلی سئورکا شکار کرنیوالے 04افراد سمیت جنگلی پرندوں کے 12شکاری گرفتار

وائلڈلائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر چالانات مرتب ، محکمانہ معاوضہ کی درخواست پر 01لاکھ 13ہزار روپے جرمانہ

پیر 6 دسمبر 2021 14:13

کتوں کیساتھ جنگلی سئورکا شکار کرنیوالے 04افراد سمیت جنگلی پرندوں کے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2021ء) وزیر جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب سید صمصام علی بخاری ، سیکرٹر ی جنگلات ، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب شاہدزمان کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹرجنرل ملک ثناء اللہ خان کی قیادت میں محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب کا صوبہ بھر میں غیر قانونی شکار، کاروباراور ناجائز پکڑ دھکڑ کیخلاف جاری کریک ڈائون پوری آب و تاب سے بلاتفریق جاری ہے جس کے نتیجے میں صوبہ کے مختلف مقامات پر متعدد کارروائیوں کے دوران کتوں کیساتھ جنگلی سئورکا شکارکرنیوالے 04افراد سمیت 12غیرقانونی شکاری گرفتارکئے گئے جن سے 01لاکھ 13ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں وصول کرکے کیس کمپائونڈ کردئیے گئے ۔

تفصیل کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف لاہور ریجن عبدالشکورمنج کی ہدایت پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف شیخوپورہ بابرعمران نے اپنی ٹیم کے ہمراہ لاہور کے مضافات میں کرول گھاٹی سے کتوں کیساتھ جنگلی سئور کے شکار میں ملوث 04افراد کو کتوں سمیت گرفتار کرلیااور کیس کمپائونڈ کرنے کی درخواست پر انہیں مبلغ 50ہزار روپے مجموعی طورپر جرمانہ کیا ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ وائلڈلائف ایکٹ کی رُو سے کتوں کیساتھ جنگلی سئورکے شکار کی ممانعت ہے ۔ ایسی ہی ایک دیگر کارروائی میں ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف گوجرانوالہ ریجن عاصم بشیر چیمہ کی ہدایت پراسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف ضلع گوجرانوالہ ارشد ناز نے وائلڈلائف انسپکٹرطالب حسین کے ہمراہ ایک کامیاب چھاپے کے دوران تلونڈی موسیٰ خان ضلع گوجرانوالہ سے ایئر گن کیساتھ جنگلی پرندگان کے غیر قانونی شکار میں ملوث 08افراد گرفتار کرلیے جنہیں کیس کمپائونڈ ہونے پر 63ہزار روپے جرمانہ کیا گیا ۔

مزید بر آں ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف راولپنڈی ریجن محمد ندیم قریشی کی جانب سے موصولہ ہفتہ وارانہ پراگریس رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے ریجن میںکل 21مقدمات رجسٹرڈ ہوئے جن میں ضلع راولپنڈی 10 ،اٹک 11، 08مقدمات راولپنڈی میں کمپائونڈ جبکہ 11ضلع اٹک میں کمپائونڈ ہوئے ۔ راولپنڈی کے 08مقدمات میں 80ہزار روپے محکمانہ معاوضہ جبکہ ضلع اٹک کے 11مقدمات میں 01لاکھ روپے محکمانہ معاوضہ وصول ہوا ۔

متعلقہ عنوان :