سوئی سدرن کے بعد سوئی ناردرن نے بھی سی این جی سیکٹر کے لیے گیس بندش کا فیصلہ کر لیا

پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں سی این جی اسٹیشنز کو گیس فراہمی آج شام 4 بجے بند کردی جائے گی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 6 دسمبر 2021 16:00

سوئی سدرن کے بعد سوئی ناردرن نے بھی سی این جی سیکٹر کے لیے گیس بندش کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06 دسمبر 2021ء) : سوئی سدرن کے بعد سوئی ناردرن نے بھی سی این جی سیکٹر کے لیے گیس بندش کا فیصلہ کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایکسپریس نیوز کے مطابق ملک میں گیس بحران کی شدت میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے، جس کے پیش نظر سوئی سدرن کے بعد سوئی ناردرن نے بھی سی این جی سیکٹر کے لیے گیس بندش کا فیصلہ کرلیا ہے۔ سوئی ناردرن کا کہنا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں سی این جی اسٹیشنز کو گیس فراہمی آج شام 4 بجے بند کردی جائے گی۔

سوئی نادرن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سی این جی سیکٹر کو گیس معطلی کا فیصلہ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد کیا گیا۔ یہ فیصلہ منظور کردہ لوڈ مینجمنٹ پلان کے مطابق کیا گیا ،اس فیصلے کا مقصد گھریلو صارفین کو گیس فراہمی یقینی بنانا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں گیس کا بحران برقرار ہے جو دن بدن شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔

گیس بحران کی وجہ سے گھریلو خواتین کی زندگی بھی اجیرن ہو گئی ہے۔ مختلف شہروں میں گیزر اور ہیٹر تو دور، کھانا پکانے کے لیے بھی گیس دستیاب نہیں ہے۔ کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں گیس نہ ہونے کی وجہ سے گھروں میں نہ صرف چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں جبکہ شہریوں کے لیے اس مہنگائی کے دور میں روز روز ہوٹل سے کھانا خریدنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ گیس بحران پر گھریلو خواتین کا کہنا ہے کہ گیس نہ آنے کی وجہ سے ہم بچوں کو بھوکا اسکول بھیجنے پر مجبور ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم لکڑیوں پر کھانا پکاتے تو ہیں لیکن اب ہمارے مرد کمانے جائیں یا جلانے کی لکڑی جمع کریں۔

ملک کے مختلف شہروں میں گیس بحران کے خلاف احتجاج بھی جاری ہے۔ گھریلو خواتین نے موجودہ حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر گیس فراہم کرنے کا انتظام کرے۔