مرزا ملک شو: ثانیہ مرزا اور شعیب ملک اپنا ٹاک شو شروع کریں گے

یہ شو پاکستان کے پہلے ’او ٹی ٹی‘ پلیٹ فارم اردو فلکس پر نشر کیا جائے گا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 6 دسمبر 2021 16:26

مرزا ملک شو: ثانیہ مرزا اور شعیب ملک اپنا ٹاک شو شروع کریں گے
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 دسمبر 2021ء ) پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک اور ان کی اہلیہ و بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا جلد ہی پاکستانی سٹریمنگ سروس اردو فلکس کے ایک پراجیکٹ میں نظر آئیں گے۔ سٹریمنگ سروس اردو فلکس کے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کی ایک پریس کانفرنس کی ویڈیو شیئر کی ہے۔ ایتھلیٹ جوڑی کی یہ پریس کانفرنس ان کے اردو فلیکس کے ساتھ نئے پراجیکٹ ’دی شعیب اینڈ ثانیہ شو‘ کے لیے کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اس سے پہلے اردو فلکس کے فیس بک پیج پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں ثانیہ اور شعیب نے اپنے مداحوں کو خوشخبری سنائی تھی کہ اب انہیں کھیل کے میدانوں کے علاوہ سکرین پر بھی پرفارم کرتے دیکھا جا سکے گا۔ تاہم ثانیہ اور شعیب نے یہ نہیں بتایا تھا کہ وہ اردو فلکس کے لیے کس طرح کا پراجیکٹ کرنے جا رہے ہیں۔ دونوں میاں بیوی نے اپنے پراجیکٹ کی مزید تفصیلات جاننے کے لیے 5 دسمبر تک انتظار کرنے کا کہا تھا۔