وزیربلدیات سندھ ناصر شاہ نے پودے لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کردیا

پیپلز پارٹی حکومت شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے،ناصر شاہ

پیر 6 دسمبر 2021 19:45

وزیربلدیات سندھ ناصر شاہ نے پودے لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کردیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2021ء) وزیر بلدیات و دیہی ترقی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سندھ سید ناصر حسین شاہ نے پیر کے روز لیاری ایکسپریس وے سے متصل ضلع کیماڑی کے نو تعمیر شدہ اماں کلثوم اور اماں نسیمہ پارک میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کیا اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے سیکریٹری جنید، وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے کیماڑی محمد آصف، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خلیل ہوت، یوسف بلوچ، نادر گبول اور دیگر رہنما اور ضلع کیماڑی کے افسران بھی موجود تھے۔

پارک میں شجر کاری مہم کے آغاز پر مقامی اسکولوں کے بچوں اور بچیوں نے بھی مسرت کا اظہار کیا اور وزیر بلدیات کی پارک میں آمد پر تالیوں سے استقبال کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت اپنے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے اسکولوں اور کالجوں کے بچے بھی شجر کاری میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ ماحول کو بہتر بنانے کے لئے درختوں کی پرورش و پرداخت بہتر انداز میں کی جاسکے۔

انہوں نے موقع پر موجود اسکول کے بچوں کی شجر کاری میں دلچسپی کو سراہا اور کہا کہ شجر کاری بھی تعلیمی عمل کا ہی ایک حصہ ہے۔سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے لیاری ایکسپریس وے سے متصل اس علاقے کے رہنے والوں کے لئے اماں کلثوم اور اماں نسیمہ پارک کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی واضح ہدایات ہیں کہ صوبے کے تمام اضلاع میں کھیل کے میدانوں اور پارکوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

اس موقع پر وزیر بلدیات سندھ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کیماڑی کے زیر انتظام 5 ایکڑ رقبے پر مبنی اماں کلثوم اور اماں نسیمہ پارک میں ساڑھے تین ایکڑ پر واکنگ ٹریک اور پارک جبکہ باقی حصے پر فٹبال گراؤنڈ بنایا جارہا ہے اور انشاللہ نئے سال کے آغاز پر اس پارک اور فٹبال گراؤنڈ کا افتتاح کیا جائے گا اور یہ پارک کیماڑی اور ملحقہ لیاری کے عوام کو سہولت فراہم کرسکے گا۔#