تربت،ملکی آئین کے عین مطابق اور عوام کے بنیادی حقوق کی فراہمی کیلئے گوادر میں دھرنا دیا جارہاہے،مولانا نصیر احمد بلیدی

پیر 6 دسمبر 2021 23:53

تربت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2021ء) گوادردھرنا سے متعلق کیچ کی معروف سیاسی وسماجی شخصیت اور حق دو بلوچستان تحریک کے رہنما مولانا نصیراحمدبلیدی نے تربت میں میڈیا آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ملکی آئین کے عین مطابق اور عوام کے بنیادی حقوق کی فراہمی کیلئے گوادر میں دھرنا دیا جارہاہے۔ ہم اپنے ملک اور ملکی اداروں کے ہرگز خلاف نہیں ہیں بلکہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے گوادر،کیچ سمیت مکران کے عوام کا بنیادی حق مانگتے رہے ہیں، میں نے ہمیشہ پاکستان کے پرچم تلے حقوق کی جدوجہدکی ہے، انہوں نے کہہ بارڈر ٹریڈ اور سمندر میں ماہیگیری کی کھلی آزادی دیاجائے کیونکہ بارڈر اور سمندر مقامی لوگوں کی موت وزیست کا مسئلہ ہے۔

جعلی میر و معتبر سرکار کی سرپرستی میں ٹوکن کی منڈی لگا کر غریبوں کے خون پسینے کی رقم سے اپنی دولت بڑھارہے ہیں، اگر یہ رقم ذاتی جیب کے بجائے سرکاری خزانہ میں جمع ہونا چاہیئے۔

(جاری ہے)

اس سے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ بارڈر اورسمندردونوں پر مافیا قابض ہیں مگر عام لوگ سخت اذیت اور مشکلات کا شکار ہیں، انہوں نے کہا کہ حق دوتحریک کے بانی مولاناہدایت الرحمان کا تعلق جماعت اسلامی سے ہے اور میرا تعلق جمیعت علما اسلام سے رہاہے لیکن میں اس حق دو دھرنا کی مکمل حمایت کرتاہوں، میں بطور ایک پاکستانی اپنے حق کے لئے جدوجہد کررہا ہوں، انہوں کہاکہ یہ گوادردھرنا اب آگہی تحریک کا شکل اختیار کر چکاہے۔

یہ کبھی ختم نہیں ہوگا آئندہ منشیات کے خلاف جدوجہد کیاجائے گا، آج منشیات سے مکران کا گھر گھر متاثر اور ہماری مائیں اور بہنیں خون کے آنسو رو رہے ہیں۔ انہوں نے گوادر، مکران سمیت بلوچستان کے عوام سے اپیل کی کہ گوادردھرنا میں شرکت کرکے اپنے مستقبل اور روزگار کاتحفظ کریں