ڈپٹی کمشنر راولپنڈی محمد علی کی زیر صدارت ضلعی بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کا اجلاس

اجلاس میں سیالکوٹ کے سانحہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ،کرسمس کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا کرسمس کے موقع پر بہترین سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے تا کہ کرسچن کمیونٹی کے افراد پوری مذہبی آزادی کے ساتھ اپنے اس تہوار کو منا سکیں،ڈپٹی کمشنرکی ہدایت

منگل 7 دسمبر 2021 00:02

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2021ء) ضلعی بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر راولپنڈی محمد علی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں تمام مکاتب فکر کے علماء اور اقلیتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیالکوٹ کے سانحہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی اور اس کے علاوہ کرسمس کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ خطیب حافظ محمد اقبال رضوی، انچارج ہولی فیملی کیتھولک چرچ راولپنڈی بابو ساجد امین کھوکھر، ہندو کمیونٹی کے نریشد چند، سفیر امن کمیٹی پیر سید اظہار بخاری، سینٹ پال چرچ کے نمائندے سہیل کامران، کرائیسٹ چرچ کے نمائندے بوٹا مسیح، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کیپٹن (ر) قاسم اعجاز اور ایس پی صدر کامران الطاف نے شرکت کی۔

ضلعی بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی نے کہا کہ سیالکوٹ کا سانحہ انسانیت کی توہین کی بد ترین مثال ہے اور کوئی مذہب اس طرح کی بربریت کی اجازت نہیں دے سکتا۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے سانحہ سیالکوٹ کے بعد کئے گے حکومت پنجاب کے اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزادر کی ذاتی نگرانی کی وجہ سے سانحہ میں ملوث تمام ملزمان کو فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا ہے اور حکومتی اقدامات کی بدولت تمام اقلیتوں میں احساس تخفظ پختہ ہوا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی محمد علی نے کہا کہ راولپنڈی کی تمام اقلیتوں کے نمائندوں، تمام مکاتب فکر کے علماء، زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے پورے ملک کی طرح اس المناک سانحہ کی شدید ترین مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر بہترین سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے تا کہ کرسچن کمیونٹی کے افراد پوری مذہبی آزادی کے ساتھ اپنے اس تہوار کو منا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کے افسران اپنی سطح پر کرسچن کمیونٹی کی خوشیوں میں شامل ہوں گے اور اس حوالے سے منعقدہ تقریبات میں بھی شرکت کریں گے۔