Live Updates

سی پیک کے تحت ملک کا ایک اور بڑا منصوبہ مکمل ہو گیا

285 کلومیٹر طویل ڈی آئی خان تا اسلام آباد موٹروے کی تعمیر مکمل، 13 دسمبر کو افتتاح کا اعلان

muhammad ali محمد علی پیر 6 دسمبر 2021 22:23

سی پیک کے تحت ملک کا ایک اور بڑا منصوبہ مکمل ہو گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 دسمبر2021ء) سی پیک کے تحت ملک کا ایک اور بڑا منصوبہ مکمل ہو گیا، 285 کلومیٹر طویل ڈی آئی خان تا اسلام آباد موٹروے کی تعمیر مکمل، 13 دسمبر کو افتتاح کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق سی پیک کے تحت تعمیر ہونے والی ڈی آئی خان تا ہکلہ موٹروے 3 سال کی تاخیر کے بعد بالآخر مکمل کر لی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ نیشنل ہائی وے کی جانب سے سی پیک کے اہم منصوبے ہکلہ ڈی آئی خان موٹروے کو 13 دسمبر کو ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا، اس اہم منصوبے پر عملی کام 2016 میں شروع ہوا تھا۔

285 کلومیٹر طویل 4 لین موٹروے کو ابتدائی طور پر 2018 میں مکمل کیا جانا تھا، تاہم مختلف وجوہات کی بنا پر منصوبہ 3 سال کی تاخیر کا شکار ہوا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ ایم 14 کو اسلام آباد موٹروے سے باقاعدہ لنک کر دیا گیا ہے، تاہم اس روٹ پر باقاعدہ طور پر ٹریفک کا آغاز نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

منصوبے کے باقاعدہ افتتاح کے بعد گاڑیوں کو ایم 14 کے استعمال کی اجازت ہو گی اور ٹول ٹکس اکٹھا کرنے کا عمل شروع ہو گا۔

دوسری جانب ملک میں موٹروے کے نئے منصوبے بھی شروع کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سوات موٹروے، دیر تا چترال موٹروے اور پشاور ڈی آئی خان موٹروے، سی پیک کے مغربی روٹ کی منظوری ہوچکی ہے۔ ان منصوبوں سے نہ صرف دیر،سوات، چترال، باجوڑ اور گلگت کو ترقی اور روزگار ملے گا بلکہ یہاں کی سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔ ان منصوبوں سے ان علاقوں کے لوگوں ترقی کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔

ملک کے شمالی ریجن کیلئے ان منصوبوں کے علاوہ سندھ میں بھی نئی موٹروے کی تعمیر کے آغاز کیلئے تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جلد وزیراعظم عمران خان سکھر تا حیدر آباد موٹروے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے، موٹروے کے اس روٹ کی تعمیر سے پشاور تا کراچی موٹروے مکمل ہو جائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات