Aوزیراعلیٰ ،چیف سیکرٹری بلوچستان ،آئی جی پولیس ،ہوم سیکرٹری وایڈیشنل ہوم سیکرٹری سمیت دیگر اعلیٰ حکومتی اہلکاروں کی لیاقت بلوچ سے گوادر دھرنے بارے ملاقات

e حق دو تحریک وجماعت اسلامی کے رہنما مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کے مطالبات،عوامی، آئینی وجائز ہیں، ایسا طریقہ کاربنائیں گے کہ انکے مطالبات پر عمل درآمد جلداوریقینی ہو،حکومتی ٹیم

منگل 7 دسمبر 2021 05:45

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 دسمبر2021ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو،چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیازرانا،آئی جی پولیس محمد طاہر رائے ،ہوم سیکرٹری وایڈیشنل ہوم سیکرٹری سمیت دیگر اعلیٰ حکومتی اہلکاروں نے حکومتی خواہش پرکوئٹہ میں جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ سے گوادر دھرنے کے حوالے سے ملاقات کی ۔

اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی ،نائب امراء مولانا عبدالکبیر شاکر ، زاہدا ختر بلوچ ،میر محمد عاصم سنجرانی بھی موجودتھے ۔وزیرا علیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو ودیگر حکومتی ٹیم نے کہاکہ حق دو تحریک وجماعت اسلامی کے رہنما مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کے مطالبات،عوامی، آئینی وجائز ہیں انہوں نے جماعت اسلامی کے قائدین کو یقین دلایاکہ ہم ایسا طریقہ کاربنائیں گے کہ ان کے مطالبات پر عمل درآمد جلداوریقینی ہوحکومت آج ہی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ ودھرناقائدین سے مذاکرات کیلئے وزیراعلیٰ بلوچستان وچیف سیکرٹری بلوچستان کی نمائندگی کرنے والاوفد کمشنر مکران ڈویژن کی قیادت میں روانہ کررہی ہے وہ آج ہی دھرناشرکاء کے پاس جائیگا حکومتی طریقہ کار آئین وقانون کی روشنی میں مطالبات کے حل کے حوالے سے بات چیت کریگا ہمیں یقین ہے کہ انشاء اللہ ہم بہت جلد حق دو تحریک ودھرناوالوں کے مطالبات پر بہت جلد عمل درآمد کرائیں گے۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہاکہ بیس دنوں سے گوادرمکران کے معصوم ومظلوم عوام دھرنادیے بیٹھے ہیں اوراپنے جائز قانونی حقوق کے حصول ،روزگارکے تحفظ ، ساحل وبارڈرٹریڈ میں آسانی ،عوام کے جان وما ل کے تحفظ ،غیر قانونی تجارت،رشوت ،ٹرالرمافیاکے مظالم ،سمندری حیات کے تحفظ کیلئے ،سیکورٹی فورسزکی جانب سے زیادتیوں کے خلاف بیٹھے ہیں بدقسمتی سے حکومت کی طرف سے مسائل کے حل کے حوالے سے اخلاص ونیک نیتی کی کمی محسوس ہورہی ہے ۔

ٹرالر وبارڈرمافیاسے نجات میں کونسی چیزرکاوٹ ہے ۔حکومت دھرنے والوں کے تمام مطالبات عوامی مفاد ،عوام کو مسائل ومشکلات سے نکالنے کیلئے فوری تسلیم کریں اور وعدوں کے بجائے حل کی یقین دہانی دھرنے کے شرکاء کو دے دیں ۔جائز مطالبات کے حل کیلئے حکومت ایسا نظام بنائے جس سے دھرناکے شرکا ء مطمئن اور مسائل واقعی حل ہوحکومت کا فرض ہے کہ حق دو تحریک کے مطالبات تسلیم کرتے ہوئے حل کیلئے فوری عمل درآمدکریں حق دو تحریک کو مطمئن کرنااور ان کے مطالبات ماننابہت ضروری ہے