Live Updates

آصف زرداری کا مشن لاہور کامیاب، پنجاب میں نوازشریف سے سیاسی لڑائی شروع

آنے والے دنوں میں آصف زرداری ایک بڑا جلسہ کرنے جا رہے ہیں، جس میں بہت سے لوگ شمولیت اختیار کرنے جا رہے ہیں۔سینئر صحافی رانا عظیم کا دعویٰ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 7 دسمبر 2021 10:49

آصف زرداری کا مشن لاہور کامیاب، پنجاب میں نوازشریف سے سیاسی لڑائی شروع
لاہور (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 دسمبر2021ء) این اے 133 میں ضمنی انتخابات کے بعد آصف زرداری کا مشن لاہور کامیاب ہوگیا، پنجاب میں نوازشریف سے سیاسی لڑائی شروع ہو گئی۔اسی حوالے سے سینئر صحافی رانا عظیم کا کہنا ہے کہ آصف زردری اور پیپلز پارٹی کا مقصد یہی تھا کہ وہ پنجاب میں دوبارہ آنا چاہتے ہیں۔ان کا اس حلقے سے جیتنا مقصد نہیں تھا۔آصف زرداری نے آج یہ کہہ دیا ہے کہ ن لیگ کے قائد دھرتی کے خلاف ہیں۔

آصف زرداری نے جشن منا کر بتا دیا کہ پیپلز پارٹی ن لیگ کو پنجاب میں ٹف ٹائم دے گی۔آصف زرداری کا مشن لاہور کامیاب ہو گیا ہے۔آنے والے دنوں میں آصف زرداری ایک بڑا جلسہ کرنے جا رہے ہیں، جس میں بہت سے لوگ شمولیت   اختیار کرنے جا رہے ہیں۔ آصف زرداری بمقابلہ نوازشریف، مریم ، شہباز لڑائی شروع ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نے بہت اچھی گیم کھیلی ہے۔

حلقہ اوپن چھوڑ کر دونوں پارٹیوں کو آپس میں لڑا دیا۔دوسری جانب سابق صدر پاکستان اورپاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے این اے 133 کے ووٹروں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے عہدیداروں، کارکنوں اور ہمدردوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پارٹی کے نامزد امیدوار اسلم گِل کو شاباش دی ہے۔ میڈیا آفس اسلام آباد سے جاری ہونے والے بیان میں سابق صدر نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں پیپلزپارٹی کے ووٹروں میں اضافہ بہت بڑا پیغام ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیالے میدان میں آچکے ہیں اب وہ آئندہ انتخابات کے لئے ابھی سے تیاریاں شروع کر دیں۔ این اے 133 کے نتائج حوصلہ افزا ہیں، پیپلزپارٹی کے عہدیداروں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ آئندہ انتخابات میں جیت جیالوں کی ہوگی۔ انشااللہ وفاق کی طرح چاروں صوبوں میں پیپلزپارٹی حکومت بنائے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات