Live Updates

مہنگائی مارچ کا وقت درست نہیں ہے، راستے بند ہونے کی صورت میں اپوزیشن شکوہ نہ کرے

اپوزیشن مہنگائی مارچ کی تاریخ 15 دن آگے پیچھے کر لے، 23 مارچ سے پہلے اسلام آباد کے راستے بند کر دیئے جاتے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 7 دسمبر 2021 12:18

مہنگائی مارچ کا وقت درست نہیں ہے، راستے بند ہونے کی صورت میں اپوزیشن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 دسمبر 2021ء) : حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم نے مہنگائی مارچ کا اعلان کیا جس پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پی ڈی ایم مارچ کی تاریخ آگے پیچھے کرنے کا کہہ دیا ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کی جانب سے 23 مارچ کو مارچ کی کال بڑی غلطی ہے ، ان کی جانب سے کیا گیا وقت کا انتخاب درست نہیں ہے۔

23 مارچ کو راستے بند ہوئے تو اپوزیشن جماعتیں پھر گلہ نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے یوم پاکستان پر لانگ مارچ کی کال دی ہے۔ یہ ایک قومی مسئلہ ہے، اپوزیشن کو غور و فکر کی دعوت دیتا ہوں، اسلام آباد کے بعض راستے پریڈ سے پہلے بند کر دیئے جاتے ہیں، اپوزیشن نے لانگ مارچ کے لیے غلط تاریخ متعین کی ہے، اپوزیشن لانگ مارچ کی تاریخ تبدیل کرے۔

(جاری ہے)

شیخ رشید نے کہا کہ اسلام آباد کے بعض راستے 23 مارچ کی پریڈ سے پہلے بند کردیئے جاتے ہیں۔ 23 مارچ سے ہفتہ قبل راستے بند کیے جاتے ہیں،اپوزیشن کواس بات کی سمجھ نہیں ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ قوم آپ کو سمجھ چکی ہے لوگوں نے آپ کے من و رنجن اور مرغ پلاؤ کو چھوڑ دیا۔ ان لوگوں کو لانگ مارچ کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔عمران خان 4 ماہ میں مہنگائی کنٹرول کرنےکی پوزیشن میں ہوں گے۔

4 ماہ کے دوران پنجاب میں بلدیاتی انتخابات بھی ہونے ہیں، ایک سالہ حکومتی کارکردگی 14 دسمبر کوپیش کریں گے، سول اور عسکری ادارے ایک پیج پر ہیں۔ نگران حکومت نہیں آ رہی، عمران خان مدت پوری کریں گے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مولا نا فضل الرحمان جن کے پیچھے ہیں ان کے مقاصد اورہیں۔ مولانافضل الرحمان جن کے پیچھے ہیں وہ تو گلوکاری کرنے کے ماہر ہیں۔ مولانا فضل الرحمان درس نظامی کے طلبا کو کن کے پیچھے لے جانا چاہتے ہیں؟ سیالکوٹ واقعہ سے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ سیالکوٹ واقعہ دل ہلادینے والا تھا، ملزمان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔سری لنکن سفارتخانےکوسخت ایکشن کی یقین دہانی کروائی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات