خلیجی ممالک کے دورے کا آغاز ، سعودی ولی عہد کی مسقط آمد

سلطان ہیثم اور شہزادہ محمد بن سلمان مشترکہ دل چسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کریں گے،عمانی شاہی دیوان

منگل 7 دسمبر 2021 13:02

خلیجی ممالک کے دورے کا آغاز ، سعودی ولی عہد کی مسقط آمد
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2021ء) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پیر کی شام عمان کے دارالحکومت مسقط پہنچ گئے۔ عمان کے سلطان ہیثم بن طارق نے ہوائی اڈے پر سعودی ولی عہد کا استقبال کیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی شاہی دیوان کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیاکہ شہزادہ محمد بن سلمان خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کا سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس دوران میں وہ عمان ، امارات ، قطر ، بحرین اور کویت کی قیادت سے ملاقات میں دو طرفہ خصوصی تعلقات اور مشترکہ دل چسپی کے امور پر بات چیت کریں گے۔ادھر سلطنت عمان کے شاہی دیوان نے اپنے بیان میں باور کرایا کہ سلطان ہیثم اور شہزادہ محمد بن سلمان مشترکہ دل چسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ یہ امور دونوں ملکوں کے مفادات اور زیادہ بہتر مستقبل کے حوالے سے دونوں ملکوں کے عوام کی امنگوں سے متعلق ہوں گے۔رواں سال جولائی (2021) میں عمان کے سلطان ہیثم بن طارق اور سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے درمیان سعودی عرب کے شہر نیوم میں ملاقات ہوئی تھی۔