سانحہ سیالکوٹ پر پوری قوم شرمندہ ہے، سری لنکا کی عوام کے لیے ہر پاکستانی کے دل میں خاص محبت ہے، ڈاکٹر شہباز گل

منگل 7 دسمبر 2021 13:50

سانحہ سیالکوٹ پر پوری قوم شرمندہ ہے، سری لنکا کی عوام کے لیے ہر پاکستانی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2021ء) وزیراعظم کے ترجمان و  معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل  نے کہا ہے کہ  سانحہ سیالکوٹ پر پوری قوم شرمندہ ہے، سری لنکا کی عوام کے لیے ہر پاکستانی کے دل میں خاص محبت ہے، پاکستانی عوام  مشکل کی اس گھڑی میں پریانتھا کمارا اور اس کی فیملی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے  اسلام آباد میں سری لنکن ہائی کمشنر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے  ملاقات کی۔

  ملاقات میں ڈاکٹر شہباز گل نے سری لنکن ہائی کمشنر موہن ویجے ویکراما سے سانحہ سیالکوٹ میں جاں بحق ہونے والےپریانتھا کمارا کی تعزیت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ اس سانحہ پر پوری قوم شرمندہ ہے، سری لنکا کی عوام کے لیے ہر پاکستانی کے دل میں خاص محبت ہے۔

(جاری ہے)

پاکستانی عوام  مشکل کی اس گھڑی میں پریانتھا کمارا اور اس کی فیملی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    حملے میں ملوث درندہ صفت انسانوں کے عمل پر ہر پاکستانی نے غم و غصّے کا اظہار کیا ہے۔ معاون خصوصی  نے کہا کہ دنیا بھر سے اوورسیز پاکستانیوں نے بھی سری لنکن عوام سے تعزیت اور معذرت کی ہے۔ وزیراعظم پاکستان نے پنجاب حکومت کو ملزمان کی جلد گرفتاری اور عبرتناک سزا دلوانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 132 افراد کو حراست میں لے کر 27 مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، جنہیں دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔انتہا پسند عناصر کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، ایسے لوگ انسانیت کو شرمندہ کرتے ہیں۔وزیراعظم پاکستان نے اس کیس کو جلد منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پنجاب حکومت کو ماہر پراسیکیوشن کی ٹیم کو یہ ٹاسک سونپنے کی ہدایت کی ہے۔