Live Updates

زرداری کولوٹی دولت سے تحریک انصاف کے کارکنوں کے ضمیر خریدنے میں منہ کی کھانا پڑی ، جمشیداقبال

منگل 7 دسمبر 2021 13:58

زرداری کولوٹی دولت سے تحریک انصاف کے کارکنوں کے ضمیر خریدنے  میں منہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2021ء) آصف زرداری نے سندھ کی عوام سے لوٹی گئی دولت سے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کے کارکنوں کے ضمیر خریدنے کی کوشش کی لیکن انہیں منہ کی کھانا پڑی ،مسلم لیگ(ن) والوں سے سوال ہے کہ اگر آپ کابیانیہ مقبول ہو رہا ہے تو پھر آپ کے ووٹ عام انتخابات کے مقابلے میں نصف سے بھی کیوں کم رہ گئے ہیں ،این اے 133کے باشعورعوام نے مسلم لیگ (ن) اورپیپلزپارٹی کی نوٹوں کی چمک کومسترد کرکے ان کی مستقبل کی سیاست کو بھی سرخ جھنڈی دکھا دی ہے ،ہمیں تکنیکی بنیادوں پر این اے133کے مقابلے سے باہر کیا گیا لیکن ہم آج بھی اپنے حلقے کی عوام کے درمیان موجود ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ اورپنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئر پرسن مسرت جمشید چیمہ نے این اے 133کے ضمنی انتخاب سے لا تعلق رہنے پر کارکنوں کے اعزازمیں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عبدالکریم کلہواڑ،شبیر سیال ، محمد فیاض بھٹی سمیت دیگر رہنمااورکارکنان کی کثیر تعدادموجودتھی۔

تحریک انصاف کے رہنماوں نے کہا کہ این اے 133کے ووٹرز نے ثابت کردیا ہے کہ وہ بکائو مال نہیں ہیں،ووٹرز نے ثابت کردیا ہے کہ آپ دوہزار ،پانچ ہزار توکیا پانچ لاکھ بھی دو ہم برائے فروخت نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی یہ تاریخ ہے کہ یہ لڈو پہلے کھا لیتے ہیں سوچتے بعد میں ہیں اورروتے بھی ہیں،کیا یہ ان کی سیاست کیلئے لمحہ فکریہ نہیں ہے کہ خودکو سب زیادہ مقبول اور آرپار کرنے والی جماعت جوعام انتخابات میں 90 ہزارووٹ لیتی ہے آج نوٹوں کی بوریوں کے منہ کھولنے کے باوجود 40ہزارووٹوںپر آ گئی ہے ،ان کے ووٹوں پر آصف زرداری نے ڈاکہ ڈالاہے ،آصف زرداری ہماری سیاست پر نہیں بلکہ بریانی والی  مسلم لیگ (ن) کی سیاست پر  بھاری ثابت ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ایک نظریے اورتحریک کا نام ہے، اسے نوٹوں کی چمک سے شکست نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندا ن اور ان کی جماعت کے لوگ ایک اقامہ کے غلام ہیں،نوازشریف کے پاس اقامہ تھا ،ان کی صاحبزادی کا خادمہ کا اقامہ تھا، ان کے وزیر دفاع نے اقامہ رکھا ہوا تھا ، دیگر بہت سے لوگ ہیں جو اقامہ ہولڈرتھے،اصل میں اقامہ چوری کرنے کا نسخہ او رلائسنس ہے، اس ملک کا وزیراعظم دوسرے ملک کا اقامہ لے کرکاغذوںمیں وہاں نوکری کیسے کرتاہے ،سکیورٹی گارڈکیوںرہتاہے،منیجرکیوںبن کررہتا ہے ، اقامے پاکستان سے چوری کئے گئے پیسے کوٹھکانے لگانے کالائسنس تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم پہلے سے زیادہ عوام کی خدمت کریں گے ،ہم رکن اسمبلی ،وزیر اورمشیربنے بغیر بھی حلقے کے لوگوں کی خدمت  کریں گے،اس علاقے کے دیرینہ مسائل کو حل کر کے دکھائیں گے، ہم مافیازسے شکست نہیں کھائیں گے او ران کے مقابلے پر رہیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات