Live Updates

پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز ایکٹ 2021 صحافیوں سمیت تمام میڈیا پروفیشنلز کے حقوق کے تحفظ کے لئے ہے،

فوٹو گرافرز اور وڈیو جرنلسٹس کے تحفظات بھی دور کریں گے، ڈاکٹر شیریں مزاری کا تقریب سے خطاب

منگل 7 دسمبر 2021 14:06

پروٹیکشن  آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز ایکٹ 2021     صحافیوں   سمیت ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2021ء) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ پروٹیکشن  آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز ایکٹ 2021     صحافیوں   سمیت تمام میڈیا پروفیشنلز کیلئے ہے، ایکٹ  کے حوالے سے فوٹو گرافرز اور ویڈیو جرنلسٹس کے تحفظات سے آگاہ ہیں، انہیں جلد دور کریں گے، بل بناتے وقت اس کے  تمام سٹیک ہولڈرز بشمول صحافتی تنظیموں اور نامور اور سینئر صحافیوں سے مشاورت کی گئی تھی، اس میں باقی رہ جانے والے سقم کو بھی قواعدو ضوابط  بناتے وقت سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے دور کر لیا جائے گا،کوئی بھی قانون مکمل نہیں ہوتا اس میں ترامیم کی گنجائش ہوتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پروٹیکشن  آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز ایکٹ 2021     کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ ایکٹ  اڑھائی سال کی شبانہ روز محنت اور تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بعد منظور کیا گیا ہے، ویڈیو جرنلسٹس اور فوٹو جرنلسٹس کے تحفظات سے آگاہ ہیں،  ایکٹ  میں رہ جانے الے قانونی سقم کو سٹیک ہولڈرز کی مزید مشاورت کے بعد رولز بنانے وقت دور کر دیا جائے گا، اس  کی تیاری میں وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پوری سپورٹ حاصل رہی اور  انہوں نے  ہر   رکاوٹ کو دور کرنے میں مدد فراہم کی جبکہ بل کی تیاری میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری کی خصوصی کاوشیں اور پوری کابینہ کی دلچسپی بھی شامل  رہی ۔

انہوں نے کہا کہ یہ بل اب قانون بن چکا ہے اور جن  صحافیوں  کو اپنے حقوق حاصل کرنے میں کوئی مسئلہ ہے وہ حصول انصاف کیلئے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا سکتے ہیں، میڈیا مالکان پر اپنے ورکرز کو سکیورٹی فراہم کرنے کے حوالے سے بھاری ذمہ داریاں  عائد ہوتی ہیں لہذاٰ انہیں اس ذمہ داری کو نبھانا چاہیئے، صحافیوں  کے حقوق کیلئے ایک کمیٹی بنائی جائے گی جس میں تین خواتین کو بھی شامل کیا جائے گا جبکہ اس کمیٹی میں تمام نمائندہ صحافتی تنظیموں بشمول، نیشنل پریس کلب، پی ایف یو جے، آر آئی یو جے، پی آر اے، سپریم کورٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن ، علاقائی اور ضلعی سطح تک کے نمائندگان سے مشاورت کی جائے گی۔

اس موقع پر پی ایف یو جے کے سیکرٹری ناصر زیدی، پی ایف یو جے کے سابق صدر افضل بٹ، صدر این پی سی شکیل انجم، سیکرٹری انور رضا نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں صحافتی تنظیموں کے نمائندوں، سینئر صحافیوں، فوٹو جرنلسٹس اور وڈیو جرنلسٹس کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات