جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کیلئے تنازعہ کشمیر کے حل پر زور

منگل 7 دسمبر 2021 14:43

جموں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2021ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر  تسلط  جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور سوشل پیس فورم کے چیئرمین ایڈووکیٹ دیویندر سنگھ بہل نے بھارت اور پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرنے کیلئے بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات شروع کریں تاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کو یقینی بنایاجاسکے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایڈووکیٹ دیویندر سنگھ بہل نے جموں سے جاری ایک بیان میں مذاکراتی عمل میں کشمیریوں کی حقیقی قیادت کی شمولیت پر بھی زوردیا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی ہٹ دھرمی پر مبنی پالیسیوں کی وجہ سے گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیری عوام کوحل طلب تنازعہ کشمیر کی وجہ سے شدید مشکلا ت کا سامنا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان جو کشمیریوں کی پر امن جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے کاروز اول سے ہی یہ موقف رہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیاجانا چاہیے ۔

ایڈووکیٹ بہل نے کہا کہ مسئلہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے اورجس کی وجہ سے دونوں ہمسایہ ممالک بھارت اور پاکستان کے درمیان متعدد جنگیں ہو چکی ہیں۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے اگر اس مسئلہ کو فوری طور پر حل نہیں کیا گیاتو دونوںملکوں کے درمیان کسی بھی وقت ایٹمی جنگ چھڑ سکتی ہے۔ حریت رہنما نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ جنوبی ایشیا کو ایٹمی جنگ سے بچانے کیلئے تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کریں ۔