سلیکٹیو احتساب کی بات کرنا 100 فیصد غلط ہے

حکومت کے خلاف نیب کے کچھ نہ کرنے کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 7 دسمبر 2021 15:17

سلیکٹیو احتساب کی بات کرنا 100 فیصد غلط ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 دسمبر 2021ء) : چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ حکومت کے خلاف کچھ نہ کرنے کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹیو احتساب کی بات کرنا 100 فیصد غلط ہے کیونکہ ایسا احتساب ماضی میں ہوا نہ کبھی ہوگا۔ تفصیلات کے مطبق رانا تنویر حسین کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال بھی شریک ہوئے۔

پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر چئیرمین نیب نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ اپنے اس مؤقف پر قائم ہوں کہ اگر نیب کی کارکردگی سے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو مطمئن نہیں کر سکا تو گھر چلا جاؤں گا۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی اہمیت مسلمہ ہے، پارلیمنٹ کا ہمیشہ احترام کیا ہے اور کریں گے، صرف مصروفیت کی وجہ سے پارلیمنٹ نہیں آ سکا تھا۔

(جاری ہے)

صحافی نے چئیرمین نیب سے سوال کیا کہ آٹا چینی گندم اسکینڈل کا کیا ہوا؟ جس پر چیئرمین نیب نے جواب دیا کہ آٹا گھی چینی اسکینڈل نیب کے پاس نہیں آئے، ایف آئی اے کے پاس ہیں ، ان سے پوچھیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف نیب کے کچھ نہ کرنے کے الزامات بے بنیاد ہیں ،کیا سبطین خان کے خلاف کیس کسی کو نظر نہیں آتا؟ بی آر ٹی، مالم جبہ ، بلین ٹری منصوبوں پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ بی آر ٹی کا سوال کرنے سے پہلے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ پڑھ لیں، بلین ٹری کے بارے میں کارروائی سپریم کورٹ نے روک دی ۔ میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں صحافی نے چئیرمین نیب سے سوال کیا کہ شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں کہ آپ ڈیلی ویجز چیئرمین نیب ہیں جس پر چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے جواب دیا کہ جن لوگوں پر مقدمات چل رہے ہیں ان کے کمنٹس کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔

صحافی نے سوال کیا کہ اپوزیشن آپ سے مطمئن نہیں ہے ؟ اس پر چیئرمین نیب نے جواب میں کہا کہ صرف وہ چند لوگ مطمئن نہیں جن کے خلاف مقدمات چل رہے ہیں۔