افغانستان کی وزارت ہائیر ایجوکیشن کے آٹھ رکنی وفد کااوپن یونیورسٹی کا دورہ

اوپن یونیورسٹی تعلیم کے ذریعے افغانستان کی تعمیر نو میں بھرپور کردار ادا کریگی، ڈاکٹر ضیاء القیوم

منگل 7 دسمبر 2021 17:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2021ء) افغانستان کی وزارت ہائیر ایجوکیشن کے 8رکنی وفد نے اعلیٰ تعلیم کے قائم مقام وزیر، الحاج مولوی عبدالباقی حقانی کی قیادت میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا دورہ کیا۔وفد نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر ، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم سے افغانستان کے تعلیمی اداروں کی تعمیر نو میںمعاونت حاصل کرنے پر بات چیت کی۔

اس موقع پر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے افغان وفد کو افغانستان کے تعلیمی نظام اور تعلیمی اداروں کی تعمیر نو میںبھرپور کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کی۔ انہوں نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی افغانستان کی جامعات کو ڈیجٹلائزیشن کے عمل میں تعاون فراہم کرنے، افغان اساتذہ کو تربیت دینے اور کورسز بنانے کے علاوہ افغان طلبہ کو اوپن یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کرنے کیلئے سکالرشپس فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم خیبر پختون خواہ اور بلوچستان کے افغان سرحدی علاقوں میں قائم یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر کے ذریعے افغانستان کے بچوں اور بچیوں کو گھر کی دہلیز پر تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں۔وائس چانسلر نے افغان وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوپن یونیورسٹی افغانستان میںریجنل کیمپس تعمیر کرنے کی خواہش بھی رکھتی ہے اور اس حوالے سے وزارت تعلیم کو تجاویز ارسال کی جاچکی ہیں ، وہاں سے منظور ہونے پر یونیورسٹی افغانستان میں اپنا ریجنل کیمپس تعمیر کرے گی۔

الحاج مولوی عبدالباقی حقانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ افغانستان کی تعمیر نو میں ساتھ دینے پر ہم علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور بالخصوص یونیورسٹی کے وائس چانسلر ، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کے شکرگزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرحدی بارڈرز سے افغانستان کے بچوں کو تعلیمی سہولتوں کی اوپن یونیورسٹی کی پیشکش خوش آئند بات ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں تعلیم کے فروغ میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے تجربات سے استفادہ کے لئے ہم ایک ٹیم تشکیل دینگے جو اوپن یونیورسٹی کی ٹیم کے ساتھ ایک مربوط روڈ میپ تیار کرے گی۔

وزارت تعلیم کے جوائنٹ سیکریٹری ، جنید اخلاق نے کہا کہ وزارت تعلیم اوپن یونیورسٹی کی افغانستان میں ریجنل کیمپس کے قیام کی تجویز پر غور و فکر کررہی ہے ، بہت جلدحتمی نتیجے پر پہنچ کر یونیورسٹی کو وہاں علاقائی دفتر کے قیام کی منظوری مل جائے گی۔افغان وفد میں نائب وزیر تعلیمی امور ، ڈاکٹر لطف الله خیرخواہ ،کابل یونیورسٹی کے چانسلر ، ڈاکٹر اسامہ عزیز ، چیف آف سٹاف ،عرفان الله عباد، ڈائریکٹر نشریات و معلومات ، ڈاکٹر دلاور سلاب اور ڈائریکٹر ترقیاتی پروگرام ، انجینئر روح الله حقانی شامل تھے۔

اجلاس میں اوپن یونیورسٹی کے رجسٹرا ر ، راجہ عمر یونس ، چاروں ڈینز ، ڈائریکٹر جرنل ریجنل سروسز ، انعام الله شیخ ، کنٹرولر امتحانات اور شعبہ داخلہ کے ڈائریکٹر کے علاوہ دیگر پرنسپل آفسران بھی موجود تھے۔پاکستانی زبان و ادب کے چئیرمین ، ڈاکٹر عبدالله جان عابد نے مترجمکے فرائض انجام دئیے۔ بین الاقوامی تعاون و تبادلے کے ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر ، ڈاکٹر زاہد مجید نے افغان وفد کو یونیورسٹی کی پروفائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بعد ازاںافغان وفد نے یونیورسٹی کی سنٹرل لائبریری، ریڈیو ،ْ ٹی وی سٹوڈیوز ، جدید ڈیٹا سینٹر اور پرنٹنگ پریس کا دورہ بھی کیا۔