ٹرین روک کر دہی لینے جانے والا ڈرائیور معطل

ڈرائیور کی حرکت پر محکمہ ریلوے کو سخت تنقید کا سامنا، وزیر ریلوے نے نوٹس لیتے ہوئے ٹرین کے ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور کو معطل کر دیا

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر منگل 7 دسمبر 2021 18:42

ٹرین روک کر دہی لینے جانے والا ڈرائیور معطل
لاہور (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 دسمبر2021ء) ٹرین روک کر دہی لینے جانے والا ڈرائیور معطل۔ ڈرائیور کی حرکت پر محکمہ ریلوے کو سخت تنقید کا سامنا، وزیر ریلوے نے نوٹس لیتے ہوئے ٹرین کے ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور کو معطل کر دیا۔ ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور شہر کے قریب ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جس میں پاکستان ریلوے کی ایک ٹرین کا ڈرائیور چلتی ٹرین روک کر دہی خریدنے چلا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ لاہور ڈویژن میں کاہنہ کاچھا ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔ اپنی نوعیت کے اس عجیب و غریب واقعے کی تفصیلات سے متعلق بتایا گیا ہے کہ انجن نمبر 5217 کا اسسٹنٹ ڈرائیور ٹرین روک کر دہی خریدنے کے لیے بازار گیا تھا۔ سوشل میڈیا پر صارفین کی تنقید کے بعد وزیر ریلوے اعظم سواتی نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ٹرین کے ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور کو معطل کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر ریلوے کے ٹوئیٹر اکاؤنٹ سے جاری پیغام میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزیر ریلوے محمد اعظم خان سواتی نے گزشتہ روزسوشل میڈیا پر چلنے والی ویڈیو جس میں ٹرین ڈرائیورکو ٹرین اپنے ذاتی مقاصد کے لیے روکے رکھتے دیکھا گیا اس پر نوٹس لے لیا ہے۔ ٹوئیٹ میں بتایا گیا کہ وزیر ریلوے نے نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر ٹرین ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور کو معطل کرنے کےاحکامات جاری کردیے ہیں۔

ٹوئیٹر پیغام میں وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ اگر آئندہ بھی کوئی ایسا واقعہ پیش آیا تو ذمہ داران کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے قومی امانت ہے اس کو ذاتی مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ واضح رہے کہ ڈرائیور کی حرکت پر محکمہ ریلوے کو سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ صارفین کا کہنا تھا کہ محکمہ ریلوے عملے کو نظم و ضبط کا پابند نہیں رکھ سکا ہے۔