ملالہ یوسفزئی اور ابیا اکرم دنیا کی 100 بااثر خواتین میں شامل

منگل 7 دسمبر 2021 23:59

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2021ء) 2021 میں دنیا کی بااثر ترین خواتین کی فہرست میں پاکستان کی دو خواتین بھی شامل ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی جانب سے ترتیب کی گئی اس فہرست میں نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی اور ڈس ایبلٹی لیڈر ابیا اکرم کو شامل کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ملالہ یوسفزئی لڑکیوں کی تعلیم کے لیے سرگرم سماجی کارکن ہیں جو سماجی تنظیم ملالہ فنڈ کی بانی بھی ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ابیا اکرم جسمانی طور پر معذور لیکن بہت ہی باہمت خاتون ہیں، وہ 1997 سے طالبہ اسپیشل ٹیلنٹ ایکسچینج پروگرام کے آغاز سے جسمانی معذوری سے متعلق تحریک میں سرگرم ہیں۔ وہ پاکستان سے دولتِ مشترکہ کے کامن ویلتھ ینگ ڈس ایبلڈ فورم کے لیے نامزد کی جانے والی پہلی رابطہ کار ہیں جبکہ نیشنل فورم آف ویمن ود ڈس ایبلٹی کی بانی بھی ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کی اس فہرست میں افغانستان کی 50 خواتین شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اس سال 100 خواتین میں ایسی شخصیات کی خدمات کو اٴْجاگر کیا جارہا ہے جنہوں نے مشکلات کے باوجود ہمت نہیں ہاری اور زندگی کو دوبارہ سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔