لنڈی کوتل ، متہ خیل میں5.03ملین روپے کی لاگت سے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کی بحالی مکمل

بدھ 8 دسمبر 2021 13:23

پشاور۔(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2021ء) پاکستان کمیونٹی سپورٹ پروجیکٹ کے زیر انتظام تحصیل لنڈی کوتل کے گاں متہ خیل میں5.03ملین روپے کی لاگت سے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کی  بحالی مکمل کر لی  گئی ہے۔پی سی ایس پی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر طلعت فہد نے  میڈیا کو بتایا کہ  کمیونٹی کی طرف سے ترجیحی اسکولوں کی بحالی کا کام70دنوں کی مدت میں مکمل کیا گیا ہے اور یہ پلے گروپ سے کلاس5تک مختلف درجات میں داخلہ لینے والی قریبی علاقوں کی125طالبات کو معیاری تعلیم کی فراہمی میں حصہ ڈالے گا۔

کمیونٹی پراجیکٹ کے تحت بحالی کے کام میں  کلاس رومز واش رومز اور اسٹاف کوارٹر کی  تزئین و آرائش کے علاوہ شمسی توانائی کے ذریعے اسکول کی برقی کاری، بورویل کے ذریعے پینے کے پانی کی سہولت کی فراہمی اور باغبانی کے ذریعے سبز جگہوں کو شامل کرنا بھی اسکول کی بحالی کے حصے کے طور پر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نےبتایا کہ  سکولوں کی بحالی 17خیر سگالی اسکیموں کا حصہ ہے جو خیبر پشاور اور نوشہرہ سمیت 3 پراجیکٹ اضلاع میں ترجیحی بنیادوں پر شروع کی گئی ہیں  ان سکیموں میں بنیادی ڈھانچے کو اپ گریڈ کرنا اور منتخب گورنمنٹ گرلز پرائمری سکولوں، بنیادی ہیلتھ یونٹس اور سول ڈسپنسریوں میں سہولیات کو بہتر بنانا شامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ خیر سگالی اسکیموں کے علاوہ خیبر، نوشہرہ اور پشاور کے اضلاع کے لیے بالترتیب56.34ملین روپے،38.83ملین روپے اور 13.97ملین روپے مالیت کے کمیونٹی سے چلنے والے ترقیاتی منصوبوں کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :