پولیس نے چھاپے مار کر سانحہ سیالکوٹ کے مزید 8 مرکزی ملزمان گرفتار کرلئے

ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دلائی جائے گی، انصاف کے تمام تقاضے پورے کریں گے، وزیر اعلیٰ پنجاب

بدھ 8 دسمبر 2021 14:22

پولیس نے چھاپے مار کر سانحہ سیالکوٹ کے مزید 8 مرکزی ملزمان گرفتار کرلئے
سیالکوٹ /لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2021ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر پولیس نے چھاپے مار کر سانحہ سیالکوٹ کے مزید 8 مرکزی ملزمان گرفتار کرلئے۔پنجاب پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اورموبائل کالز ڈیٹا کی مدد سے مزید سانحہ سیالکوٹ کے مزید 8 مرکزی ملزمان کو گرفتارکرلیا اور اب تک 34مرکزی ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گرفتارہونے والے مزید ملزمان کو آج انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جارہا ہے، ان ملزمان میں پریانتھا کمارا کی نعش کی بے حرمتی کرنے والا ذاکر سلمان بھی شامل ہے جسے رات گئے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان میں واقعہ کی ویڈیو بنانے، اشتعال دلانے اور تشدد کرنے والے بھی شامل ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب کیس کی تحقیقات کو مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ سانحہ سیالکوٹ کے کیس پر ہونے والی پیش رفت کا خود جائزہ لے رہا ہوں، ذمہ دار قانون کے تحت سخت سزا کے حقدار ہیں اور ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دلائی جائے گی، انصاف کے تمام تقاضے پورے کریں گے۔