ووٹ ڈالنے کی شرح میں اضافہ جمہوریت کی مضبوطی او راس پر عوام کے اعتماد کا آئینہ دار ہے‘ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سرگودھا

بدھ 8 دسمبر 2021 14:37

ووٹ ڈالنے کی شرح میں اضافہ جمہوریت کی مضبوطی او راس پر عوام کے اعتماد ..
سرگودہا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2021ء) ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ انتخابات جمہوریت کا حسن اور ووٹر اس کی اکائی ہیں ۔ووٹ ڈالنے کی شرح میں اضافہ جمہوریت کی مضبوطی او راس پر عوام کے اعتماد کا آئینہ دار ہے ۔ووٹر زکو اپنی اہمیت کا ادراک ہونا چاہئے تاکہ منتخب نمائندے ان کی نمائندگی کاحق ان کی سوچ اور خواہش کے مطابق ادا کرسکیں ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ووٹر کی تعداد ساڑھے گیارہ کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے ۔ہمارا مقصد عوام کو الیکشن کی جمہوری اور قومی ذمہ داریوں سے روشناس کروانا ہے ۔الیکشن کمیشن آزاد ‘منصفانہ اور جانب داری سے پاک انتخابات کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہاہے ۔انہوں نے کہاکہ عوام اپنے ووٹ کے بل بوتے پر پوری قوم کی تقدیر کا تعین کرتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہر شہری کو اپنا حق رائے دہی آزاد سوچ سے استعمال کرنا چاہیے تاکہ ملک کو مضبوط او رمستحکم جمہوری بنیادیں میسر آسکیں ۔

انہوں نے کہاکہ ووٹ کے ذریعے ہم ملک کو ایک روشن اور تاب ناک مستقبل فراہم کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ عوام میں حق رائے دہی کے استعمال بارے بھر پور آگاہی دیں تاکہ جمہوریت مضبوط ہو۔ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بابر رانجھا نے کہاکہ محکمہ بلدیات جمہوریت کی نرسری پیدا کرتا ہے اور یہی سے منتخب ہونے والے نمائندے آگے چل کر قومی وعالمی سطح کے لیڈر تشکیل پاتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عوام اپنے ووٹ کی طاقت کو سمجھیں بنیادی جمہوریتوں میں حق رائے دہی کی شرح عام انتخابات کی نسبت زیادہ ہو تی ہے لیکن قوم کو ہر قسم کے انتخابات میں اپنا ووٹ استعمال کرنا چاہیے تاکہ جمہوریت مستحکم ہو سکے ۔ تقریب کے دیگر مقررین نے ووٹ کے استعمال اور اس کی اہمیت بارے آگاہی دی ۔