ملک کی معاشی ترقی کے لیے خصوصی افراد کا خیال رکھنا ضروری ہے، صدر لاہور چیمبر

بدھ 8 دسمبر 2021 15:29

ملک کی معاشی ترقی کے لیے خصوصی افراد کا خیال رکھنا ضروری ہے، صدر لاہور ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2021ء) لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر، لبارڈ کی نائب صدر بشریٰ اعتزاز احسن ،صائمہ اشرف ،ڈاکٹر سمیعہ توقیر و دیگر ماہرین نے  کہاہے کہ ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی افراد کا خیال رکھنا ضروری ہے اور  انہیں تعلیم و تربیت سمیت ہر قسم کی سہولیات دی جائیں ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں  نے لاہور بزنس مین ایسوسی ایشن برائے بحالی معذوراں کی طرف سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا  کہ  خصوصی افراد کو سہولیات فراہم کرکے ملک کی معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کی تاجر برادری اپنی سماجی ذمہ داریوں سے بھی بخوبی آگاہ ہے اور خصوصی افراد کی بحالی کے لیے تعاون کررہی ہے جو  خوش آئند بات ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں لاہور چیمبر کے تعاون کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کی دس فیصد سے زائد آبادی خصوصی افراد پر مشتمل ہے جن کی دیکھ بھال باقی  نوے فیصد کو کرنا ہوگی۔ لبارڈ کی نائب صدر بشری اعتزاز احسن نے کہا کہ لبارڈ کی توجہ ہمیشہ سے ہی خصوصی افراد کی بحالی پر مرکوز رہی ہے تاکہ وہ خود کفیل اور مالی طور پر مستحکم ہوکر معاشرے کا سرگرم رکن بن سکیں۔