پنجاب حکومت کی ہدایت پر زرعی آلات کی فراہمی کے پروگرام کے تحت بذریعہ قرعہ اندازی لیزر لینڈ لیولرز کی تقسیم

ضلع میں بذریعہ قراندازی 110کاشتکاروں کو لیزر یونٹ دیئے گئے ‘پنجاب حکومت کسانوں کو رعایتی نرخوں پر سپیشل سبسڈی کے ذریعے جدید آلات دے رہی ہے ‘ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل کا تقریب سے خطاب

بدھ 8 دسمبر 2021 17:01

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2021ء) پنجاب حکومت کی خصوصی ہدایت پر مشینی کاشت کے فروغ کیلئے زرعی آلات کی فراہمی کے پروگرام کے تحت محکمہ زراعت اور واٹر مینجمنٹ قصور کے زیر اہتمام گزشتہ روز ضلع کونسل ہال میں کاشتکار وں میں لیزر لینڈ لیولرز بذریعہ قرعہ اندازی تقسیم کئے گئے ۔ اس موقع پرڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ارشد بھٹی ‘ڈپٹی ڈائریکٹر اصلاح آبپاشی قصور رانا تجمل حسین ،سرکاری افسران اور کاشتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

لیزر لینڈ لیولرز کے حصول کیلئے ضلع بھر سے کاشتکاروں کی جانب سے 416درخواستیں وصول ہوئیں جن میں سے 363درخواستیں مکمل چھان بین کے بعد درست قرار پائیں اور 53درخواستیں مسترد کر دی گئیں ۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت کے تحصیل وائز رقبہ کے حساب سے مقرر کردہ کوٹہ کے تحت تحصیل قصور میں 37‘تحصیل کوٹ رادھا کشن میں12‘تحصیل چونیاں میں35اور تحصیل پتوکی میں 26جبکہ ضلع بھر میں مجموعی طور پر 110کاشتکاروں کو بذریعہ قرعہ اندازی لیزر یونٹس دیئے گئے ۔

قرعہ اندازی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے کہا کہ پنجاب حکومت کاشتکاروں کے مسائل کے حل اور انہیں جدید طریقہ کاشت سے آشناس کرنے کیلئے خطیر رقم خرچ کر رہی ہے تا کہ فی ایکڑ پیدوار کو بڑھایا جا سکے ۔ کاشتکاروں کو کھالہ جات کی اصلاح ، لیزر لینڈ لیولنگ یونٹ کی فراہمی اور ڈرپ اورسپرنکلر نظام آبپاشی کی تنصیب کیلئے حکومت پنجاب کی طر ف سے مالی امداد کی فراہمی اور جدید آلات کی خریداری پر سبسڈی فراہم کی جارہی ہے ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آج کی اس تقریب میں حکومت پنجاب کی جانب سے جدید لیزر یونٹ کی خریداری پر بذریعہ قرعہ اندازی 2لاکھ 25ہزار روپے فی یونٹ سبسڈی دی جائیگی ۔ان جدید آلات کے استعمال سے کاشتکار کم محنت سے زیادہ پیدوار حاصل کر سکتے ہیں ۔ حکومت کی اس کاوش سے کسان بھائیوں کی خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہو گاجس میں ہر کاشتکارکو اس کا حق بآسانی ملے گا۔ موجودہ حالات میں جس طرح پانی کے ذخائر کم ہو رہے ہیں اس وقت یہ ٹیکنالوجی ہماری ضرورت بن گئی ہے اور ہم جدید آلات کے استعمال سے بہتر اور زیادہ فصلیں کاشت کر سکیں گے ۔اس موقع پر کاشتکاروں کی جانب سے قرعہ اندازی کے ذریعے لیزر لیولنگ کی شفاف تقسیم پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ۔