کوئی بھی معاشرہ اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک خواتین کو تحفظ نہ دے،وائس چانسلربہاءالدین زکریایونیورسٹی

بدھ 8 دسمبر 2021 17:50

ملتان ۔8دسمبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔ 08 دسمبر2021ء) :بہائوالدین زکریایونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک خواتین کو تحفظ نہ دے۔ان خیالات کاا ظہار انہوں نے بدھ کے روزڈیپارٹمنٹ آف پولیٹیکل سائنس اور برداشت آرگنائزیشن کے زیراہتمام خواتین پر تشدد کے خاتمے کو اجاگر کرنے کی سولہ روزہ مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری خواتین با صلاحیت اور پر اعتماد ہیں ،انہیں آگے بڑھنے کے لئے مناسب پلیٹ فارم مہیا کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں ہمیں معاشرے میں ناہواریوں کا خاتمہ کرنا ہوگا جس کے لئے بنیادی عنصر برداشت کو فروغ دینا ہوگا۔انہوں کہا کہ ہمارا مذہب بھی برداشت،رواداری اور امن کا درس دیتا ہے ہمیں اپنے رویوں میں تبدیلی لانی ہوگی اور عورت کو وہ مقام دینا ہوگا جو اس کا حق ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے کہا کہ عورت مرد کے ساتھ ماں،بہن اور بیوی سے خوبصورت رشتوں جڑی ہوئی ہے ہمیں ان رشتوں کے تقدس کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے ان کا خیال کرنا ہوگا۔اس موقع پر چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف پولیٹیکل سائنس پروفیسر ڈاکٹر مقرب اکبر نے کہا کہ خواتین کے قانونی حقوق اور معاشرے کی بہتری کے لیے خواتین کے کردار پر زور دیا۔تقریب سے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر رفیدہ نواز ، منیزہ بٹ ،ڈاکٹر حمیرہ چارٹر ممبر آف برٹش سائیکو لوجیکل سوسائٹی اور دیگر نے خطاب کیا ۔بعد ازاں یونیورسٹی میں آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصو ر اکبر کنڈی نے کی۔

متعلقہ عنوان :