توقع ہے کورونا وائرس کی وبا کا اہم ترین مرحلہ 2022 کو ختم ہوجائے گا، بل گیٹس

وبا کے کسی بھی مرحلے کے مقابلے میں اب دنیا وائرس کی خطرناک اقسام سے نمٹنے کے لیے بہتر طور پر تیار ہے،بیان

بدھ 8 دسمبر 2021 22:40

نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2021ء) مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے کہا ہے کہ انہیں توقع ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کا اہم ترین مرحلہ 2022 کو ختم ہوجائے گا۔اپنے بلاگ گیٹس نوٹس میں 2021 کے ریویو تحریر کرتے ہوئے بل گیٹس نے کہا کہ ایک اور پیشگوئی کرنا احمقانہ محسوس ہوگا مگر میرا خیال ہے کہ وبا کا خطرناک مرحلہ 2022 میں کسی وقت اختتام پذیر ہوجائے گا۔

بل گیٹس نے کہا کہ انہیں امید تھی کہ کورونا کی وبا کا خاتمہ جلد ہوجائے گا مگر ایسا ہوتا ممکن نظر نہیں آتا جس کی وجہ ڈیلٹا قسم اور لوگوں کی ویکسینیشن کی مشکلات ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ اومیکرون قسم تشویشناک ہے مگر نئی اقسام کو شناخت کرنے، ویکسینز اور اینٹی وائرل ادویات کی تیاری کی رفتار کے باعث انہیں توقع ہے کہ 2022 میں کووڈ ایک اینڈیمک یا مقامی مرض بن کر رہ جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وبا کے کسی بھی مرحلے کے مقابلے میں اب دنیا وائرس کی خطرناک اقسام سے نمٹنے کے لیے بہتر طور پر تیار ہے، ہم اب ضرورت پڑنے پر اپ ڈیٹڈ ویکسینز تیار کرنے کے لیے بہتر پوزیشن میں ہیں۔بل گیٹس نے بتایا کہ ویکسینز اور اینٹی وائرلز کی بدولت مستقبل میں کووڈ 19 کے جان لیوا ہونے کی شرح میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے لکھا کہ مختلف برادریوں میں کبھی کبھار لہر ابھرے گی مگر بیشتر کیسز کے لیے گھر میں علاج کے لیے نئی ادویات دستیاب ہوں گی اور باقی کیسز کو ہسپتال سنبھال لیں گی'۔