پاکستان میں اومی کرون سے متاثرہ خاتون کے 2 بھائیوں میں بھی وائرس کا انکشاف

خاتون کے دونوں بھائی اب بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ محکمہ صحت سندھ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 9 دسمبر 2021 10:25

پاکستان میں اومی کرون سے متاثرہ خاتون کے 2 بھائیوں میں بھی وائرس کا ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 دسمبر 2021ء) : پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے ویرئینٹ اومی کرون سے متاثرہ خاتون کے دو بھائیوں میں بھی وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں اومی کرون سے متاثرہ خاتون کے 2 بھائیوں میں بھی وائرس ہونے کا انکشاف ہوا۔ متعلقہ حکام کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ تینوں کی عمر زیادہ ہے، تاہم کوئی ٹریول ہسٹری نہیں۔

قبل ازیں کراچی کی ایک خاتون میں اومی کرون وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا تھا۔ جس خاتون میں وائرس کی تصدیق ہوئی وہ 2 روز پہلے ڈسچارج ہو کر گھر چلی گئی، ذرائع نے بتایا کہ خاتون کے 2 بھائی اب بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ متعلقہ حکام کو ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر نے کیس سے متعلق بتایا کہ تینوں کی عمر زیادہ ہے، کوئی ٹریول ہسٹری نہیں تاہم ایڈریس معلوم کر رہے ہیں، پتہ چلتے ہی علاقے میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کا نیا ویرئینٹ اومی کرون دنیا کے درجنوں ممالک میں پھیل چکا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہی ہے اور اسے کورونا وائرس کی سب سے زیادہ خطرناک قسم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ کورونا وائرس کی یہ نئی قسم صرف 15 سیکنڈ میں منتقل ہو جاتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اومی کرون سے بار بار انفیکشن ہونے کا خطرہ دیگر تمام اقسام سے زیادہ ہے اور یہ تیزی سے ایک کے بعد دوسرے ملک میں پھیل رہا ہے۔ اومی کرون کے تیزی سے پھیلاؤ نے سائنسدانوں کو بھی حیرانگی میں مبتلا کر دیا ہے۔سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اومی کرون میں 50 سے زیادہ تبدیلیاں دیکھی گئی ہیں جبکہ سب سے زیادہ خطرناک قرار دی جانے والی قسم ڈیلٹا میں صرف 2 تبدیلیاں پائی گئی تھیں۔