Live Updates

سینیٹ کی خالی نشست پر انتخاب، شوکت ترین کے کاغذات نامزدگی کو چیلنج کر دیا گیا

شوکت ترین مردان کے ووٹر ہی نہیں تو کیسے اس حلقے سے سینیٹ کے سیٹ پر الیکشن لڑسکتے ہیں۔ درخواستگزار کا مؤقف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 9 دسمبر 2021 10:35

سینیٹ کی خالی نشست پر انتخاب، شوکت ترین کے کاغذات نامزدگی کو چیلنج ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 دسمبر 2021ء) : خیبرپختونخواہ سے سینیٹ کے خالی نشست پر انتخابات کے لیے مشیر خزانہ شوکت ترین کے کاغذات نامزدگی کو الیکشن ٹربیونل میں چیلنج کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق کاغذات نامزدگی عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے امیدوار امیر زادہ نے الیکشن ٹربیونل میں چیلنج کیے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے امید وار امیر زادہ نے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے درخواست دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ شوکت ترین مردان کے رہائشی نہیں ہیں اور نہ ہی الیکٹورل رول میں رجسٹرڈ ہیں جب کہ کاغذات نامزدگی کے ساتھ جو الیکٹورل رول جمع ہے وہ بھی سرٹیفائیڈ نہیں ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ شوکت ترین مردان کے ووٹر ہی نہیں تو کیسے اس حلقے سے سینیٹ کی نشست پر الیکشن لڑسکتے ہیں لہٰذا شوکت ترین کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف نے مشیرخزانہ شوکت ترین کو سینیٹ کا ٹکٹ جاری کیا تھا۔ پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عامر کیانی نے دستخط کے بعد ٹکٹ جاری کیا۔

شوکت ترین خیبر پختونخواہ سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر سینیٹ الیکشن لڑیں گے۔ جس کے لیے مشیر خزانہ کل اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے۔ سینیٹر منتخب ہونے کے بعد شوکت ترین ‏دوبارہ وفاقی وزیر کا حلف اٹھائیں گے۔واضح رہے کہ سینیٹ کی نشست کے لئے کاغذات نامزدگی کی جمع کروانے کی کل آخری تاریخ ہے اور شوکت ترین کل اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے جب کہ سینٹ کی خالی نشست پر پولنگ 20 دسمبر کو ہوگی۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن خیبر پختونخواہ نے سینیٹر محمد ایوب کے استعفیٰ کی وجہ سے خالی ہونے والی نشست کے لیے انتخابی شیڈول کا اعلان کردیا، سینیٹ کی خالی نشست پر پولنگ 20 دسمبر کو ہوگی۔ الیکشن کمیشن خیبرپختونخواہ کے جاری کردہ انتخابی شیڈول کے مطابق سینیٹر محمد ایوب کے استعفیٰ کی وجہ سے خالی ہونے والی نشست پر پولنگ 20 دسمبر کو ہوگی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات