اومی کورون پاکستان پہنچ گیا، سندھ حکومت کا متاثرہ خاتون کے ساتھ فلائٹ میں موجود تمام مسافروں کے ٹیسٹ کا فیصلہ

متاثرہ خاتون کی ٹریول ہسٹری معلوم کی جا رہی ہے،متاثرہ خاتون کے رشتے داروں اور ملنے والوں کا بھی کورونا ٹیسٹ ہو گا۔پارلیمانی سیکرٹری صحت سندھ قاسم سومرو کا بیان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 9 دسمبر 2021 11:02

اومی کورون پاکستان پہنچ گیا، سندھ حکومت کا متاثرہ خاتون کے ساتھ  فلائٹ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 دسمبر 2021ء) :پارلیمانی سیکرٹری صحت سندھ قاسم سومرو کا کہنا ہے کہ کورونا کے اومی کرون ویرینٹ کا ہمارے پاس پہلا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔متاثرہ خاتون جس فلائٹ سے آئیں،اس کے تمام مسافروں کا بھی کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ انٹرنیشنل فلائٹس کھلی ہونے کے باعث اومی کرون ویرینٹ کا ہونا ظاہر تھا۔

انہوں نے بتایا کہ متاثرہ خاتون کی ٹریول ہسٹری معلوم کی جا رہی ہے۔متاثرہ خاتون کے رشتے داروں اور ملنے والوں کا بھی کورونا ٹیسٹ ہو گا۔قاسم سومرو نے کہا کہ عالمی سطح پر اومی کرون کے بعض کیسز میں پی سی آر ٹیسٹ پازیٹو نہیں تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کا نیا ویرینٹ بہت زیادہ تبدیل شدہ ہے۔

(جاری ہے)

جب کہ ہمارے پاس موجود پی سی آر کٹس ڈیلٹا ویرینٹ پر فوکسڈ ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی کی ایک خاتون میں اومی کرون وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا تھا۔ جس خاتون میں وائرس کی تصدیق ہوئی وہ 2 روز پہلے ڈسچارج ہو کر گھر چلی گئی، پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے ویرئینٹ اومی کرون سے متاثرہ خاتون کے دو بھائیوں میں بھی وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ خاتون کے 2 بھائی اب بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

متعلقہ حکام کو ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر نے کیس سے متعلق بتایا کہ تینوں کی عمر زیادہ ہے، کوئی ٹریول ہسٹری نہیں تاہم ایڈریس معلوم کر رہے ہیں، پتہ چلتے ہی علاقے میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کا نیا ویرئینٹ اومی کرون دنیا کے درجنوں ممالک میں پھیل چکا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہی ہے اور اسے کورونا وائرس کی سب سے زیادہ خطرناک قسم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ کورونا وائرس کی یہ نئی قسم صرف 15 سیکنڈ میں منتقل ہو جاتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اومی کرون سے بار بار انفیکشن ہونے کا خطرہ دیگر تمام اقسام سے زیادہ ہے اور یہ تیزی سے ایک کے بعد دوسرے ملک میں پھیل رہا ہے۔ اومی کرون کے تیزی سے پھیلاؤ نے سائنسدانوں کو بھی حیرانگی میں مبتلا کر دیا ہے۔سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اومی کرون میں 50 سے زیادہ تبدیلیاں دیکھی گئی ہیں جبکہ سب سے زیادہ خطرناک قرار دی جانے والی قسم ڈیلٹا میں صرف 2 تبدیلیاں پائی گئی تھیں۔