لیبیا کے تیسرے وزیراعظم مصطفی بِن حلیم کا 100سال کی عمرمیں انتقال

بن حلیم 1951میں لیبیا کی آزادی کے بعد تیسرے وزیر اعظم منتخب ہوئے تھے،رپورٹ

جمعرات 9 دسمبر 2021 11:23

طرابلس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2021ء) لیبیاکی آئینی بادشاہت کے دور میں سابق وزیراعظم مصطفی بن حلیم متحدہ عرب امارات میں وفات پاگئے ۔ان کی عمر100سال تھی۔میڈیارپورٹس کے مطابق بن حلیم 1951میں لیبیا کی آزادی کے بعد ادریس سنوسی کے دورِحکومت میں تیسرے وزیر اعظم منتخب ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

انھیں 1954 میں حکومت بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی اور وہ تین سال کے بعد 1957 میں اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔

وہ وزیراعظم مقرر ہونے سے قبل وزارت ٹرانسپورٹ اور وزارت خارجہ کے انچارج رہے تھے۔سوسالہ بن حلیم نے زندگی بھرکی کہانیوں پر مشتمل متعدد کتب تصنیف کی تھیں۔بن حلیم پرلیبیا کے سابق مطلق العنان صدرمعمرالقذافی کے دور میں ملک میں داخلے پر پابندی عاید تھی لیکن وہ مقتول ڈکٹیٹرکے زوال کے بعد 2011 میں جلاوطنی کی زندگی ختم کرکے ملک میں واپس آئے تھے۔