فائزر اور بائیو این ٹیک کی بوسٹر ڈوز اومی کرون کو بے اثر کرنے کے قابل قرار

ویکسین کی بوسٹر شاٹ اومی کرون کے خلاف مؤثر دفاع ہے۔ فائزر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 9 دسمبر 2021 11:52

فائزر اور بائیو این ٹیک کی بوسٹر ڈوز اومی کرون کو بے اثر کرنے کے قابل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 دسمبر 2021ء) : پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے ویرئینٹ اومی کرون کا پہلا کیس رپورٹ ہو گیا ہے جس نے صحت کے شعبے میں تشویش پھیلا دی ہے۔ کراچی میں رپورٹ ہونے والے کورونا ویرئینٹ اومی کرون کے کیس کے بعد دو مزید افراد میں بھی اومی کرون کی تشخیص ہوئی تاہم اس حوالے سے سندھ کے محکمہ صحت نے مؤثر اقدامات کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

کورونا وائرس کے نئے ویرئینٹ کے خلاف فائزر اور بائیو این ٹیک کی بوسٹر ڈوز اومی کرون کو بے اثر کرنے کے قابل قرار دیا گیا ہے۔ فائزر اور بائیو این ٹیک فارماسوٹیکل کمپنیوں کے مطابق ان کی کووڈ19 ویکسین کا 3 شاٹ کا کورس کورونا کے نئے ویرینٹ اومی کرون کو بے اثر کرنے کے قابل ہے۔ بائیواین ٹیک اور فائزر نے کہا کہ اس کی کووڈ 19 ویکسین کے تین شاٹ کا کورس لیبارٹری ٹیسٹ میں نئے اومی کرون ویرینٹ کوبے اثر کرنے کے قابل رہا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ امریکی دوا ساز کمپنی فائزر نے دعویٰ کیا کہ ان کی کورونا ویکسین کی ایک بوسٹرخوراک نئے ویرینٹ اومی کرون کے خلاف ایک مؤثر دفاع ہے۔ کمپنی نے ایک تحقیق کے بعد کہا کہ ویکیسن کی تین خوراکیں اومی کرون کے خلاف اتنی ہی اینٹی باڈیز بنانے میں کامیاب ہوئیں جو دوخوراکیں دیگر کورونا اقسام کے خلاف بناتی ہیں۔ قبل ازیں ورلڈ ہیلتھ اورگنائزیشن نے بھی کہا کہ موجودہ ویکسینز اومی کرون کے خلاف مؤثر ثابت ہوں گی۔

فائزر کے چیف ایگزیکٹیو البرٹ بورلا نے ایک بیان میں کہا کہ ویکسین کی تیسری خوراک کے ساتھ اومی کرون قسم کے خلاف تحفظ کو بہتر بنایا جائے گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ کورونا کی نئی قسم سے بچنے کے لیے یہ بہترین راستہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کی ویکسینیشن مکمل کی جائے اور کورونا ویکیسن کی دو خوراکوں کے بعد ایک اضافی خوراک دی جائے۔ تاہم فائزر اومی کرون پر تحقیقات کے لیے مزید ڈیٹا اکٹھا کر رہی ہے۔