کورونا پابندیاں،پولیس کابرطانوی وزیراعظم سیکرٹریٹ میں پارٹی کی تحقیقات سے انکار

بورس جانسن نے اپنی پریس سیکریٹری الیگرا اسٹریٹن کی لیک ویڈیو پر معذرت کرتے ہوئے پارٹی کرانے کی تردید کر دی

جمعرات 9 دسمبر 2021 12:23

کورونا پابندیاں،پولیس کابرطانوی وزیراعظم سیکرٹریٹ میں پارٹی کی تحقیقات ..
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2021ء) کیا گزشتہ سال کورونا پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے برطانوی وزیر اعظم آفس میں کرسمس پارٹی ہوئی تھی یا نہیں جبکہ بر طانوی پولیس نے تحقیقات کرنے سے انکار کردیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق بورس جانسن نے اپنی پریس سیکریٹری الیگرا اسٹریٹن کی لیک ویڈیو پر معذرت کرتے ہوئے پارٹی کرانے کی تردید کر دی۔

بورس جانسن نے کہا کہ کیبنٹ سیکریٹری جائزہ لیں گے کہ آیا قواعد کی خلاف ورزی ہوئی یا نہیں، اگر ہوئی تو ملوث افراد کو کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب برطانیہ کے اپوزیشن لیڈر کیئراسٹارمر نے کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتے تک تردید کے بعد وزیراعظم کی معافی کئی سوالات اٹھاتی ہے۔اپوزیشن لیڈر کیئر اسٹارمر کا یہ بھی کہنا تھا کہ لوگ سوچتے ہیں کہ وزیر اعظم نے انہیں بیوقوف بنایا اور جھوٹ بولا۔

ایس این پی کے رہنما آئین بلیک فورڈ نے بورس جانسن سے استعفے کا مطالبہ کر دیا۔برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کی ترجمان نے مذکورہ واقعے پر استعفا دے دیا ۔خیال رہے کہ 10 ڈاوننگ اسٹریٹ میں کرسمس پارٹی سے متعلق ان کی ویڈیو لیک ہوئی تھی جس میں بورس جانسن کی ترجمان کرسمس پارٹی سے متعلق مذاق کرتی نظر آرہی تھیں