ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان پر کراچی پہنچ گئی

جمعہ کو نیشنل سٹیڈیم میں پہلا پریکٹس سیشن ہوگا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 9 دسمبر 2021 12:39

ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان پر کراچی پہنچ گئی
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 دسمبر 2021ء ) ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان پر کراچی پہنچ گئی۔ مہمان ٹیم دبئی کے راستے کراچی پہنچی۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے۔ مقامی ہوٹل آمد پر کوویڈ 19 ٹیسٹ کے بعد کھلاڑی اور آفیشلز ایک دن کے لیے قرنطینہ کریں گے۔
جمعہ کو نیشنل سٹیڈیم میں پہلا پریکٹس سیشن ہوگا۔

سیریز 13 تا 22 دسمبر نیشنل سٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔ تین ٹی ٹونٹی میچز اور اتنے ہی آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ میچز ہوں گے۔

(جاری ہے)

ٹی ٹونٹی سیریز میں ویسٹ انڈیز کی قیادت نکولس پوران کریں گے جبکہ ون ڈے میچز میں شائی ہوپ کپتان کی ذمہ داری ادا کریں گے۔ کیرون پولارڈ انجری کے سبب سیریز سے دستبردار ہوگئے تھے۔ ٹی ٹونٹی میں ان کی جگہ رومان پاول اور ون ڈے میں ڈیورنڈ تھامس کو شامل کیا گیا ہے،13 دسمبر کو پہلا ٹی ٹونٹی میچ شام 6 بجے ہوگا۔

14 دسمبر کو دوسرا ٹی ٹونٹی میچ کھیلا جائے گا، 16 دسمبر کو تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میچ کا آغاز شام 6 بجے ہوگا، 18 دسمبر کو پہلا ون ڈے انٹر نیشنل میچ کھیلا جائے گا۔ دوسرا ون ڈے 20 دسمبر کو ہوگا جب کہ 22 دسمبر کو تیسرا اور آخری ون ڈے میچ کھیلا جائے گا۔