سندھ ہائی کورٹ نے کراچی بار کی بجلی منقطع کرنے کیخلاف درخواست پر پی ڈبلیو ڈی اے سے تفصیلات طلب کرلیں

جمعرات 9 دسمبر 2021 15:13

سندھ ہائی کورٹ نے کراچی بار کی بجلی منقطع کرنے کیخلاف درخواست پر پی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2021ء) سندھ ہائی کورٹ نے بل کی عدم ادائیگی پر کراچی بار کی بجلی منقطع کرنے کیخلاف درخواست پر پی ڈبلیو ڈی اے سے کے بی اے کے بلز کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے حکم امتناع میں توسیع کردی۔ ہائیکورٹ میں بل کی عدم ادائیگی پر کراچی بار کی بجلی منقطع کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ پی ڈبلیو ڈی کے وکیل نے موقف دیا کہ ہم بل ادا کرنے کے مجاز نہیں۔

نعیم قریشی ایڈوکیٹ نے موقف اپنایا کہ پورے صوبے کی بارز کے بل پی ڈبلیو ڈی ادا کرتی ہے۔ عمر سومرو ایڈکیت نے موقف اپنایا کہ سندھ ہائی کورٹ بار کے بل بھی پی ڈبلیو ڈی ادا کرتی ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بار کی مینٹیننس پی ڈبلیو ڈی کرتی ہے تو بل ادا کیوں نہیں کرتی پی ڈبلیو ڈی کے وکیل نے موقف دیا کہ بلڈنگ مینٹین ضرور کرتے ہیں مگر بل کی ادائیگی نہیں کرتے۔

(جاری ہے)

جس میٹر سے بجلی کی سپلائی ہے وہ پی ڈبلیو ڈی کا نہیں۔ جسٹس ظفر احمد راجپوت نے ریمارکس دیئے کہ تو پھر پی ڈبلیو ڈی کا میٹر لگا کر مسئلہ حل کریں۔ حیدر امام رضوی نے موقف اپنایا کہ ہر سال نومبر، دسمبر میں بجلی کاٹنے آجاتے ہیں۔ عدالت نے پی ڈبلیو ڈی اے سے کراچی بار کے بلز سے متعلق تفصیلات طلب کرلیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بتایا جائے، ماضی میں کراچی بار ایسوسی ایشن کے بلز کون ادا کرتا رہا۔ ماضی کے ریکارڈ کا جائزہ لے کر کوئی فیصلہ کریں گے۔ عدالت نے 16 دسمبر تک عبوری حکم نامے میں توسیع کردی۔ عدالت نے کے الیکٹرک کو کراچی بار ایسوسی ایشن کی بجلی منقطع کرنے سے روک رکھا ہے۔