بلوچستان کی سرحدی تجارت اور مقامی تاجروں کے مسائل کا جائزہ لینے کیلئے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کا اجلاس کوئٹہ میں طلب

جمعرات 9 دسمبر 2021 17:07

بلوچستان کی سرحدی تجارت اور مقامی تاجروں کے مسائل کا جائزہ لینے کیلئے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2021ء) چیئر مین سینیٹ محمدصادق سنجرانی کی ہدایت پربلوچستان کی سرحدی تجارت اور مقامی تاجروں کے مسائل کا جائزہ لینے کیلئے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کا اجلاس کوئٹہ میں طلب کر لیا گیا، چیئرمین سینیٹ نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کا خصوصی اجلاس کوئٹہ میں منعقد کرنے کی منظوری دی،سرحدی تجارت کے حوالے سے درپیش مسائل کے حل کیلئے کمیٹی کا خصوصی اجلاس آئندہ ہفتے کوئٹہ میں منعقد کیا جائیگا، اجلاس میں ایران کے ساتھ بارٹر ٹریڈ اور سرحدی تجارت سے متعلق دیگر امور زیرغور آئیں گے۔

تجارت کے فروغ کیلئے ایران کے ساتھ تجارتی سرحدوں کو فعال بنانے کے حوالے سے بھی معاملات پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔

(جاری ہے)

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کے وفد کاکوئٹہ میں تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مشاورتی دور بھی ہوگا۔ قائمہ کمیٹی چمن بارڈر کا بھی دورہ کرے گی۔ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ ملاقاتوں میں کلئیرنس اور سمگلنگ کے مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

قائمہ کمیٹی کاوفد مقامی تاجروں سے بھی ملاقات کرے گا۔ وفد، چیئرمین سینیٹ کی ہدایات کی روشنی میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ کا بھی دورہ کرے گا۔چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ کے حکام قائمہ کمیٹی کے وفد کو تفصیلی بریفنگ دیں گے۔وفاقی سیکٹری کامرس، چیف سیکٹری اور ہوم سیکٹری بلوچستان کو بھی اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔