شارجہ میں ہفتے میں چار دن کام کرنے کی پالیسی کا اعلان

شارجہ کی ایگزیکٹو کونسل نے پالیسی کی منظوری دے دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 9 دسمبر 2021 17:44

شارجہ میں ہفتے میں چار دن کام کرنے کی پالیسی کا اعلان
شارجہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 دسمبر 2021ء) : متحدہ عرب امارات کے بعد شارجہ میں بھی کام کرنے کی پالیسی تبدیل کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گلف نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ شارجہ میں ہفتے میں چار روز کام کرنے کا اعلان کر دیا گیا جبکہ ویک اینڈ تین دن یعنی جمعہ ، ہفتہ اور اتوار کا ہو گا ۔ اس فیصلے کی منظوری شارجہ کے حاکم اور سپریم کونسل ممبر ڈاکٹر شیخ سلطان بن محمد القسامی کی ہدایات پر شارجہ کی ایگزیکٹو کونسل کی جانب سے دی گئی۔

ویک اینڈ اور کام کے دنوں میں یہ تبدیلی ایک وسیع مطالعہ کے بعد سامنے آئی جس کا مقصد متحدہ عرب امارات کے وژن سے مطابقت رکھنا اورمقصد مختلف شعبوں میں اس کی مسابقت کو اس انداز میں بڑھانا ہے جس سے کاروباری ماحول اور معیشت کو سپورٹ کیا جائے۔

(جاری ہے)

ہفتے میں چار روز پیر تا جمعرات کام ہو گا جبکہ جمعہ ، ہفتہ اور اتوار کو ویک اینڈ کے طور پر مان لیا گیا ہے۔

مزید یہ کہ شارجہ میں کام کے اوقات صبح ساڑھے سات بجے سے دوپہر ساڑھے تین بجے تک ہوں گے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل متحدہ عرب امارات کی حکومت نے نئے سال میں ساڑھے چار دن کام کرنے کا اعلان کر دیا ۔ متحدہ عرب امارات نے نئے سال سے کام کے اوقات میں تبدیلی کا اعلان 7 دسمبر کو کیا تھا۔ متحدہ عرب امارات کی حکومت کا کہنا ہے کہ جمعہ کی دوپہر سے اتوار تک چُھٹی ہو گی ۔ متحدہ عرب امارات نے ہفتہ اور اتوار کو باضابطہ ویک اینڈ کے طور پر مان لیا ہے۔ یو اے ای حکومت کا کہنا ہے کہ ہفتے میں پیر سے جمعرات آٹھ گھنٹے تک کام کے اوقات ہوں گے جبکہ جمعہ کو ساڑھے چار گھنٹے کام کے اوقات مختص کیے گئے ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں کام کے نئے اوقات کا اطلاق یکم جنوری 2022ء سے ہو گا۔