ساتھیوں کی زندگی پر اپنی موت کو ترجیح دینے والا سانحہ اے پی ایس کا ہیرو شیر شاہ

شیر شاہ کے سینے پر 4 گولیاں لگی ہوئی تھیں اور اس حالت میں بھی اس نے ڈاکٹروں سے کہا کہ آپ میرے ساتھ لائے گئے 2 زخمی طلبہ کو پہلے دیکھ لیں کیونکہ میں ان کی آنکھوں میں آنسو نہیں دیکھ سکتا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 16 دسمبر 2021 16:20

ساتھیوں کی زندگی پر اپنی موت کو ترجیح دینے والا سانحہ اے پی ایس کا ہیرو ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 دسمبر 2021ء) : سانحہ آرمی پبلک اسکول کو 7 سال کا عرصہ بیت گیا ہے لیکن شہدا کے لواحقین کا غم آج بھی تازہ ہے۔ سانحہ آرمی پبلک اسکول کے دیگر ہیروز میں ایک ہیرو شیر شاہ بھی تھا جس نے خود سے پہلے اپنے ساتھیوں کا علاج کرنے کا کہا۔ قومی اخبار روزنامہ جنگ میں شائع رپورٹ کے مطابق شیر شاہ خٹک نے آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) پر حملے کے دوران جامِ شہادت تو نوش کیا لیکن اپنی آخری سانسوں میں بھی بہادری کی ایسی مثال قائم کی جس نے سننے والوں کو حیران کردیا۔

سانحہ اے پی ایس میں شہید ہونے والے 16 سالہ شیر شاہ حملے کے وقت ایڈیٹوریم میں موجود تھے، حملے کے بعد وہ فوری طور پر ایڈیٹوریم سے تو نکلنے میں کامیاب ہوگئے لیکن اسی وقت انہیں خیال آیا کہ کہیں میرا چھوٹا بھائی احمد شاہ اندر ہی موجود نہ ہو۔

(جاری ہے)

بھائی کی مدد کرنے جب شیر شاہ دوبارہ ایڈیٹوریم میں داخل ہوئے تو دہشت گردوں نے ان کے سینے پر چار گولیاں ماریں۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ آرمی پبلک اسکول کے ایک خوبصورت اور ہونہار طالب علم شیر شاہ کی شہادت ان کے اہلِ خانہ خصوصی طور پر اُن کے والد طفیل خٹک کیلئے ایک شدید صدمے کا باعث بنی لیکن ایک چیز جو انہیں زندہ رکھی ہوئی ہے وہ شہادت کے وقت بھی بیٹے کی بہادری ہے۔ شیر شاہ کی بہادری کو کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) پشاور میں انتظامی عہدے پر فائز کرنل ڈاکٹر شوکت علی یوسفزئی نے ایک ٹی وی چینل پر بیان کیا۔

کرنل شوکت علی یوسفزئی اُس وقت ای این ٹی کے ماہر تھے جنہوں نے بتایا کہ آرمی پبلک اسکول پر حملہ ہوا تو زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال لایا گیا۔ انہوں نے شو کے دوران اس وقت بچوں کی بے مثال بہادری کا ذکر کرتے ہوئے شیر شاہ کی تصویر کی طرف اشارہ کیا اور بتایا کہ ’شیر شاہ کے سینے پر 4 گولیاں لگی ہوئی تھیں اور اس حالت میں بھی اس نے ڈاکٹروں سے کہا کہ آپ میرے ساتھ لائے گئے 2 زخمی طلبہ کو پہلے دیکھ لیں کیونکہ میں ان کی آنکھوں میں آنسو نہیں دیکھ سکتا۔

کرنل شوکت علی نے کہا کہ سی ایم ایچ میں اُس وقت موجود تمام ڈاکٹرز اس بات کے گواہ ہیں کہ شیر شاہ اپنے نام کی طرح بہادر تھا، اس کی بہادری ہم نے اپنی آنکھوں سے دیکھی ہے۔ انہوں نے یہ کہا کہ میں نے سیاچن، کارگل جنگ اور کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر اپنی خدمات سرانجام دی ہیں لیکن میں نے اپنی زندگی میں کبھی بھی شیر شاہ جیسی بہادری اور ہمت نہیں دیکھی۔