(ن) لیگ سیاسی گانے بنا کر عوام کو لوریاں نہ دے‘ عوام کرپشن کا جواب مانگ رہی، یہ گانے سنا کر دھیان بانٹ رہے ہیں‘حسان خاور

اپوزیشن پنجاب کے شہریوں کو ہیلتھ کور ملتے نہیں دیکھ سکتی، الیکشن کمیشن کو اپوزیشن کی ووٹروں کو خرید و فروخت کے عمل کا نوٹس لینا چاہیے پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ پیسوں اور راشن کے عوض ووٹ کو عزت دے رہے ہیں اور ووٹرز کو ضمیر کا سودا کرنے پر مجبور کر رہے ہیں‘سیمینار سے خطاب

جمعرات 16 دسمبر 2021 23:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2021ء) معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب حسان خاور نے کہاہے کہ خانیوال میں ہونے والا ضمنی الیکشن این اے 133 کا ٹریلر تھا۔ جہاں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ووٹوں کی خرید وفروخت کی گئی، پیپلز پارٹی اور ن لیگ پیسوں اور راشن کے عوض ووٹ کو عزت دے رہے ہیں اور ووٹرز کو ضمیر کا سودا کرنے پر مجبور کر رہے ہیں،یہ لوگ تحریک انصاف کے احساس راشن پروگرام سے گھبرا گئے ہیں، انہیں یہ عوامی فلاحی منصوبہ ہضم نہیں ہو رہا، اپوزیشن پنجاب کے شہریوں کو ہیلتھ کور ملتے نہیں دیکھ سکتی، الیکشن کمیشن کو اپوزیشن کی ووٹروں کو خرید و فروخت کے عمل کا نوٹس لینا چاہیے۔

گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو اور نجی یونیورسٹی میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ پنجاب میں چینی کنٹرول ریٹ پر اور احساس راشن کے زریعے بھی سستی مل رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں 120 ارب روپے کا احساس راشن پیکج دیا گیا ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم و وزیراعلی نے پنجاب کی تاریخ کو بدل کر چار سو ارب روپے ہیلتھ پیکج دیا ہے۔ ہیلتھ انشورنس سے ہر شہری خود کو فرسٹ کلاس محسوس کرے گا، یہ اپوزیشن کو گوارہ نہیں۔

موجودہ حکومت پنجاب کی تاریخ بدلتے ہوئے ہسپتالوں کی ترقی کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اب ہسپتالوں کے باہر لوگوں کو علاج کے لئے دھکے نہیں کھانے پڑیں گے۔ میڈیا نمائندگان کے سوالات کے جواب میں انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ ابھی اسی، نوے کی دہائی کو نہیں بھولی۔ اسی لئے ان کی ووٹوں کی خریدوفروخت پوری ڈھٹائی کے ساتھ جاری ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز بھول گئے کہ کرپشن ان کی پارٹی کا وطیرہ رہا ہے جسے چھپائے نہیں چھپایا جا سکتا۔

اگر کوئی نہ بکے تو اس پر الزام تراشی کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو ترقیاتی منصوبے ن لیگ کے دور میں ڈبل رقم پر بنائے جاتے تھے آج پی ٹی آئی حکومت میں وہی منصوبے آدھی قیمتوں میں مکمل ہو رہے ہیں۔ حسان خاور نے میٹرو کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ میٹرو کا ہم نے آٹھ سال بعد آدھی قیمتوں پر ٹھیکہ کیا۔ آج عوام جس گردشی قرضے کے بوجھ تلے دبی پڑی ہے یہ کرپشن کی انہی مثالوں کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایون فیلڈ کا سزا یافتہ مجرم اس ملک میں نہیں ہے۔ سولہ ارب روپے ملازمین کے اکاونٹس میں کہاں سے آئے، یہ بتانے کو بھی کوئی تیار نہیں۔ انہوں نے ن لیگ کو مشورہ دیا کہ وہ گلوکاری کو اپنی نجی محفلوں تک محدود رکھیں اور سیاسی گانے بنا کر عوام کو لوریاں نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام ان سے کرپشن کا جواب مانگ رہی ہے اور یہ گانے سنا کر دھیان بانٹ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صنعتوں اور گھروں میں گیس کی دستیابی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ہمارے گیس کے ذخائر ہر ماہ نو فیصد کم ہو رہے ہیں۔ تمام مشکلات کے باوجود انڈسٹری کو ایل۔این۔جی فراہم کریں گے تاہم اس کا مستقل حل بھی ڈھونڈا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ جیسے ہی عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہوں گی ہم بھی ان کو کم کرتے جائیں گے۔

ہم نے اپنا وعدہ پورا کر دکھایا۔ اسی طرح عوام سے کیا گیا ہر وعدہ پورا ہوگا۔ دریں اثنا حسان خاور نے کی زیر صدارت محکمہ سیاحت کا اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری ٹوارزم اسد اللہ فیض سمیت آرکیالوجی، میوزیم، ٹورزم سروسز ڈیپارٹمنٹ (ڈی ٹی ایس) اور ٹی ڈی سی پی کے اعلی عہدیداران نے شرکت کی۔ محکمہ سیاحت، آرکیالوجی اور دیگر شعبہ جات کے عہدیداران کی جانب سے حسان خاور کو محکمہ سیاحت کی ترقیاتی سکیموں پر بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر سیاحت، آرکیالوجی، ڈی ٹی ایس کے شعبہ جات اور پراجیکٹس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا. اجلاس میں سیاحت کے سالانہ ترقیاتی پروگرام اور سکیموں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ معاون خصوصی نے محکمہ کو درپیش مسائل، ریسٹ ہاسز، ہوٹلز، ریسٹورنٹس، ٹریول ایجنسیز کی رجسٹریشن کے قواعد و ضوابط اور ٹورسٹ پوائنٹس حوالے سے مختلف پراجیکٹس اور اقدامات پر بھی آگاہی حاصل کی۔

اس موقع پر حسان خاور نے محکمہ سیاحت میں انقلابی ریفارمز لانے، وزیر اعلی پنجاب کے ویثرن کے مطابق سیاحت کو ترقی دینے اور ہر ڈسٹرکٹ کے ٹوارزم پوٹینشل کے مطابق سیاحت کو فروغ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ بطور معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب سیاحت کو پروموٹ کرنے اور اسے نفع بخش بنانے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ اس ضمن میں حسان خاور اور ورلڈ بنک کی ٹاسک ٹیم لیڈر کرن افضل کے مابین بھی ملاقات ہوئی جس میں پنجاب میں سیاحت کی ترقی کیلئے بیشتر منصوبے زیر بحث آئے۔ اس موقع پر ورلڈ بنک اور محکمہ سیاحت کے درمیان مختلف ایم او یوز سائن کرنے اور ورلڈ بنک کے تعاون سے نئے ٹورسٹ پوائنٹس بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔