لوکل گورنمنٹ آرڈینینس 2021کو کالعدم کروانے کے لیے چوہدری محمد یٰسین کی قیادت میں اسلام آباد کے تمام سٹیک ہولڈرز متحد

متحد ہوکر قانونی اور عملی جدوجہد سے ظالمانہ آرڈینینس کو ختم کرواکر دم لیں گے، چوہدری محمد یٰسین

جمعہ 17 دسمبر 2021 22:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 دسمبر2021ء) صدارتی لوکل گورنمنٹ آرڈینینس 2021سے پیدا ہونے والی موجودہ صورتحال کے پیش نظر سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی ای) کے قائد چوہدری محمد یٰسین نے اسلام آباد کے تمام سٹیک ہولڈرز کے نمائندگان کا مشاورتی اجلاس مقامی ہوٹل میں منعقد کیا جس میں صحافی برادری سے پی ایف یوجے کے صدر محمد افضل بٹ،سیکرٹری نیشنل پریس کلب انوررضا،آر آئی یوجے کے سابق سیکرٹری علی رضا علوی،انجمن تاجران پاکستان کے مرکزی صدر اجمل بلوچ،کاشف چوہدری،آل پاکستان اخبار فروش یونین کے جنرل سیکرٹری ٹکا خان،واپڈ یونین سے جاوید اقبال بلوچ،پی ٹی سی ایل ایمپلائز یونین کے صدر سید عمران،چیئرمین ٹیچرجوائنٹ ایکشن کمیٹی فضل مولا،اظہر اعوان،ملک امیر،نان ٹیچنگ سٹاف یونین کے سردار صدیق،پمز یونین کے صدر ریاض گجر،پولی کلینک یونین سے ملک احسان،سپورٹس بورڈ یونین سے احتشام الحق،پوسٹل یونین سے راجہ بلال،محکمہ اوقات سے مولانا عبدالرزاق سکندری،مولانا ذوالفقار،مولانا سید جہانگیر حسن شاہ،علامہ سجاد نقوی سمیت دیگر مزدور تنظیموں کے رہنماؤں سی ڈی اے مزدور یونین کے عہدیداران نے شرکت کی،اجلاس میں لوکل گورنمنٹ آرڈینینس 2021سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،تمام سٹیک ہولڈرز نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اس آرڈینینس سے اسلام آباد کا امن اور خوبصورتی تباہ ہونے کا خدشہ ہے اور اس کے ساتھ ساتھ اساتذہ اور سی ڈی اے ملازمین کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا،محکمہ ایجوکیشن اور اوقاف کے نمائندگان کا کہنا تھا کہ جب دارلحکومت میں وفاقی وزارت تعلیم اور وزارت مذہبی امور موجود ہیں تو اس کے باوجود تعلیمی اداروں اور محکمہ اوقاف کو میئر کے ماتحت کرنا بدنیتی ہے،موجودہ حکومت اس شہر کے امن کو تباہ کرنا چاہتی ہے،ملک میں پہلے ہی مہنگاہی اور بے روزگاری نے عوام کا جینا محال کررکھا ہے ان حالات میں اس طرح کے اقدامات قابل افسوس ہیں،تاجرنمائندگان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اساتذہ،علمائے کرام اور سی ڈی اے ملازمین کو تقسیم کرنا چاہتی ہے،یہ ادارے جو بھی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ہم ان کے شانہ بشانہ ہونگے،صحافی برادری کے نمائندگان افضل بٹ،انور رضا اور علی رضا علوی نے کہا کہ مزدور پہلے ہی غربت کی چکی میں پس رہا ہے لیکن حکومت نے اس آرڈینینس کے اجرائ سے پہلے کسی سٹیک ہولڈر کو اعتماد میں نہیں لیا انھوں نے یقین دلایا کہ ملک بھر کے تمام پرنٹ و الیکٹرونک میڈیا مکمل طور پر ملازمین کے ساتھ ہے اس موقع پر انھوں نے تمام اداروں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی بنانے کی تجویز دی جو باہمی مشاورت سے ایکشن پلان کا اعلان کرے گی،اجلاس میں سی ڈی اے مزدور یونین کے قائد چوہدری محمد یٰسین نے تمام شرکائ کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ ہم تمام سٹیک ہولڈرز کے بے حدمشکور ہیں کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں ہمارے ساتھ ہیں،انھوں نے کہا کہ اس شہر کو خوبصورت بنانے والے مزدور آج اس جمہوری حکومت کے دور میں بے یارومددگار ہیں،ہم انشائ اللہ اپنی قانونی،آئینی اور عملی جدوجہد کے ذریعے اس آرڈینینس کوختم کروائیں گے اور بہت جلد ان تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ہم اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے اور اگر ضرورت پڑی تو اس شہر کو مکمل طور پر جام کر دیں گے۔