خیبر پختونخواہ میں اضافی فیس کی وصولی غیر قانونی قرار

احکامات کی خلاف وزری کرنے والے اسکول کے خلاف کارروائی ہوگی۔ اعلامیہ جاری

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 24 دسمبر 2021 11:25

پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 دسمبر 2021ء) : خیبرپختونخواہ میں پرائیویٹ اسکولوں میں داخلہ فیس ، سالانہ فیس اورکیپٹیشن فیس وصول کرنا غیرقانونی قرار دے دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی خیبر پختونخواہ نے نجی اسکولوں کو داخلہ اور سالانہ فیس لینے سے روک دیا۔ پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی خیبر پختونخواہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نجی اسکول داخلہ اور سالانہ فیس نہیں لیں گے۔

(جاری ہے)

اعلامیہ کے مطابق خلاف وزری کرنے والے سکول کے خلاف کارروائی ہوگی۔ خلاف وزری کرنے والا اسکول توہین عدالت کا مرتکب ہوگا۔ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے پرائیویٹ سکولوں کی ریگولیٹری اتھارٹی کو داخلہ اور سالانہ فیس نہ لینے کا اعلامیہ جاری کرنے کی ہدایت کر دی۔ عدالتی فیصلے میں کہا کہ اعلامیہ جاری ہونے کے باوجود سکولوں کے خلاف شکایتیں موصول ہوئیں، پرائیویٹ سکول داخلہ اور سالانہ فیس نہیں لے سکتے ۔ ایسے اسکولوں کے خلاف نہ صرف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی بلکہ کے پی پی ایس آر اے ریگولیشن 2018ء کے تحت اُن کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔