ملتان، مملکت پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا ورثہ ہے ،ہم سب کو اسکی حفاظت کرنا ہوگی،حامد سعید کاظمی

جمعہ 24 دسمبر 2021 20:55

ملتان ۔24دسمبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔ 24 دسمبر2021ء) :سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی نے کہا ہے کہ مملکت پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا ورثہ ہے ،ہم سب کو اسکی حفاظت کرنا ہوگی، قیام پاکستان کی جدوجہد میں قائداعظم نے اپنی صحت کی پرواہ نہ کرتے ہوئے دن رات مصروف عمل رہے،پاکستان کی ترقی کے لئے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کو ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن، نظریہ پاکستان فورم ملتان اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان کے زیر اہتمام بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جنا ح کے یوم ولادت کی مناسبت سے چار روزہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن کے صدر نعیم اقبال نعیم، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ملتان فاروق لطیف، سماجی رہنما سید محمد علی رضوی، پروفیسر محمود ڈوگر اور دیگر موجود تھے۔

(جاری ہے)

حامد سعید کاظمی نے کہا کہ قائد اعظم کے رہنما اصول ہمارے لئے مشعل راہ ہیں ان پر عمل پیرا ہو کر ہم پاکستان ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔اس موقع پرنعیم اقبال نعیم نے کہا کہ نئی نسل کو اکابرین کی خدمات سے روشناس کروانا اور ان کی تعلیمات کو عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔چار روزہ تقریبات کے آخری روز آج 25 دسمبر کو صدر نظریہ پاکستان فورم پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی کی رہائش گاہ پر سہہ پہر 3 بجے سیمینار اورکیک کاٹنے کی تقریب منعقد ہوگی۔